کراچی میں پانی کامسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک  جمعـء 14 ستمبر 2018
ہمیں کراچی میں صرف پانی نہیں پہنچانا بلکہ نکاسی آب کا مسئلہ بھی حل کرنا ہے، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

ہمیں کراچی میں صرف پانی نہیں پہنچانا بلکہ نکاسی آب کا مسئلہ بھی حل کرنا ہے، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کامسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر کراچی نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ گرین لائن منصوبہ 24 کلومیٹرطویل ہے، یہ منصوبہ 12.7 کلومیٹر ایلویٹڈ، 10.9 کلومیٹر زمین جب کہ 442 میٹر زیر زمین ہے، اس منصوبے پر سرجانی سے میونسپل پارک تک 80 فیصد کام مکمل ہوچکاہے، منگھوپیرروڈ کی بحالی، نشترروڈ، شیرشاہ روڈ اور سڑکوں کاکام 15 فیصد ہوچکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی شہر میں پانی کی طلب 918 ایم جی ڈی ہے، کراچی میں پانی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کریں گے، پانی کی 5 اسکیمیں ہیں جن میں ری سائیکلنگ پروجیکٹ، کے 4 پروجیکٹ، بلک اسکیم اور دیگر شامل ہیں۔ ان اسکیموں سے 830 ایم جی ڈی پانی مل سکے گا، ہماری کوشش ہے کہ تمام اسکیمیں جلد مکمل ہوں تاکہ پانی کا مسئلہ حل ہوسکے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں کراچی میں صرف پانی نہیں پہنچانا بلکہ نکاسی آب کا مسئلہ بھی حل کرنا ہے، ایس تھری اور کمبائنڈ ٹریٹمنٹ پلانٹس سے شہر میں نکاسی کا نظام بہترین ہوجائے گا، ڈی سیلینیشن  پلانٹ لگانے کا کام بھی جلد شروع کرنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔