بغیر سوار کے ازخود چلنے والی، دنیا کی پہلی موٹر بائیک

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 ستمبر 2018
بی ایم ڈبلیو کی نئی بائیک کسی انسان کے بغیر ازخود دوڑسکتی ہے (فوٹو: بشکریہ بی ایم ڈبلیو)

بی ایم ڈبلیو کی نئی بائیک کسی انسان کے بغیر ازخود دوڑسکتی ہے (فوٹو: بشکریہ بی ایم ڈبلیو)

جرمنی: دو سال کی مسلسل محنت اور تجربات کے بعد اب ایک ایسی ہیوی بائیک تیار کرلی گئی ہے جو کسی سوار کے بغیر نہ صرف اپنا توازن برقرار رکھتی ہے بلکہ پوری رفتار سے دوڑ بھی سکتی ہے۔

اس کا اولین نمونہ بی ایم ڈبلیو کمپنی نے تیار کیا جسے ’بی ایم ڈبلیو موٹر ریڈار1200 جی ایس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں بریک بھی خودکار ہیں اور خطرناک صورتحال میں بائیک خود کو سنبھالنے اور متوازن رکھنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ بائیک اپنا انجن خود اسٹارٹ کرکے، ایکسلیریٹر چلاتے ہوئے کسی ریسنگ ٹریک پر برق رفتاری سے دوڑتی ہے اور چکر پورا کرنے کے بعد مقررہ مقام پر رک بھی جاتی ہے۔ اس کے لیے کسی بھی انسان کی ضرورت نہیں ہوتی۔

بی ایم ڈبلیو کمپنی نے کہا ہے کہ فی الحال یہ صارفین کےلیے نہیں بنائی گئی ہے بلکہ موٹر سائیکل میں نئے حفاظتی اقدامات متعارف کرانے اور انہیں ٹیسٹ کرنے کے لیے اس بائیک کو ڈیزائن کیا گیا ہے۔ تاہم کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بائیک ہنگامی صورتحال میں بھی اپنا توازن برقرار رکھتی ہے۔

مصنوعی ذہانت (آرٹیفشل انٹیلی جنس) کے ذریعے یہ بائیک تنگ زاویوں پر پھرتی سے مڑتی ہے اور موشن سینسرز کے ذریعے اپنے اطراف کا ادراک کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔