شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کی لہر

ایڈیٹوریل  ہفتہ 15 ستمبر 2018
پاکستانی فوج دنیا کی واحد فوج ہے جو اتنے طویل عرصے تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑنے کا تجربہ اور حوصلہ رکھتی ہے۔ فوٹو : فائل

پاکستانی فوج دنیا کی واحد فوج ہے جو اتنے طویل عرصے تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑنے کا تجربہ اور حوصلہ رکھتی ہے۔ فوٹو : فائل

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد مارے گئے،جب کہ تین اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔فوجی ترجمان کے مطابق دہشتگرد پوری طرح مسلح تھے اورانھوں نے شدید مزاحمت کی، فورسز نے تمام علاقے کوکلیئرکرلیا ہے۔

دوسری خبرکے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل بویاگاؤں بادامی کلہ میں گشت کرنیوالے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوگئے، پاک فوج کے اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے اس وقت حملہ کیا جب وہ علاقے میں گشت کر رہے تھے۔

پاکستان دہشتگردی کے خلاف ایک طویل عرصے سے نبرد آزما ہے۔ سیکیورٹی فورسزکے بہادر اور جری جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مادروطن کے چپے چپے کی حفاظت کی ہے اور دہشتگردوں کے پاؤں اکھیڑدیے ہیں، وہ اپنی جانیں بچانے کے لیے چھپتے پھرتے ہیں، لیکن کبھی کبھار وہ چھپ کر بزدلانہ وارکرنے سے باز نہیں آتے۔جس پرعزم انداز میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اس سے یہ امید بندھتی ہے کہ جلد دہشت گردوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ طالبان اور دیگر جہادی گروپوں نے شمالی وجنوبی وزیرستان میں اپنی آماجگاہیں بنا رکھی تھیں۔

پاک فوج نے ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کے ذریعے ان دہشتگردوں اور سماج دشمنوں سے اس علاقے کو پاک کیا اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تباہ کر دیا، جو زندہ بچے وہ افغانستان فرار ہوگئے کیونکہ باقاعدہ سرحدی باڑکی عدم موجودگی اور طویل ترین دشوارگزار سرحدی پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث دہشتگردوں کو نقل وحمل میں آسانی ہوتی ہے ۔ افغانستان ، بھارت اور امریکا نے ان عناصرکو پاکستان کے خلاف استعمال کیا اور پھر پاکستان کو نقصان پہنچانے والے عناصرکے خلاف قوم اٹھ کھڑی ہوئی ۔

سچائی تو یہ ہے کہ دہشتگردی پاکستان میں ایک عفریت کی صورت اختیارکرگئی تھی۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ایک طویل جنگ گزشتہ ایک دہائی سے وطن عزیز میں لڑی جارہی ہے ۔ سری لنکا کی مثال ہمارے سامنے ہے ۔ جہاں کی حکومتوں نے تقریباً تیس سال تامل ٹائیگرزکی دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی اور بالٓاخر اس پر قابوپا لیا۔

پاکستانی فوج دنیا کی واحد فوج ہے جو اتنے طویل عرصے تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑنے کا تجربہ اور حوصلہ رکھتی ہے۔ قوم اورفوج کا عزم صمیم ہے کہ وہ دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کر کے دم لیں گے، بالٓاخر فتح سچ وحق کی ہوگی اور پاکستان کی دھرتی امن کا گہوارہ اور ترقی وخوشحالی کا نمونہ بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔