ایف بی آر کی وضاحت سے نان فائلرز کا ابہام دور

ارشاد انصاری  ہفتہ 15 ستمبر 2018
پابندی کااطلاق موٹرسائیکل،رکشہ اورلوڈر،کی خریداری، رجسٹریشن و ٹرانسفر پر نہیں ہوگا۔ فوٹو : فائل

پابندی کااطلاق موٹرسائیکل،رکشہ اورلوڈر،کی خریداری، رجسٹریشن و ٹرانسفر پر نہیں ہوگا۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ نان فائلرز کے لیے صرف نئی کاروں، جیپ، وین اور ٹرکوں کی خریداری، رجسٹریشن و ٹرانسفر پرپابندی عائد کی گئی ہے تاہم اس پابندی کا اطلاق موٹرسائیکل، موٹر رکشہ، موٹر سائیکل لوڈر، رکشہ لوڈر کی خریداری، رجسٹریشن و ٹرانسفر پر نہیں ہوگا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے باضابطہ طور پر وضاحتی سرکلر جاری کردیا ہے جس کے بعد ملک میں نان فائلرز کے لیے نئی گاڑیوں، پرانی گاڑیوں کی بُکنگ و ٹرانسفر سمیت موٹرسائیکل، موٹر رکشہ، موٹر سائیکل لوڈر، رکشہ لوڈر کی رجسٹریشن سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل ختم ہوجائیں گے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی کاروں، جیپ، وین اور ٹرکوں کی خریداری، رجسٹریشن و ٹرانسفر کی دستاویزات کی تصدیق بھی نہیں کی جاسکے گی اور صرف فائلرز کے لیے مذکورہ دستاویزات کی تصدیق ہوسکا کرے گی۔

اس بارے میں ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر منقولہ جائیداد کی خریدراری پر پابندی کے بارے میں وضاحتی سرکلرجاری نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں نان فائلر کے لیے نئی گاڑیوںکی بُکنگ و ٹرانسفر کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل، موٹر رکشہ، موٹر سائیکل لوڈر، رکشہ لوڈر کی بُکنگ و ٹرانسفر بھی بند ہوگئی تھی اور مسائل کے شدت اختیار کرنے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت اداروں اور ملک بھر کے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹس سمیت دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے وضاحت کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ہیڈ کوارٹرز سے رجوع کیا تھا اور اس بارے میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائینس اور کراچی پیپلز آٹو رکشہ اور ٹیکسی اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی ایسی کی وضاحت مانگی گئی تھی جس کے بعد اب تین ماہ کی تاخیر سے وضاحتی سرکلر جاری ہونے کے بعد نان فائلر کے لیے نئی گاڑیوں کی بُکنگ و ٹرانسفر کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل، موٹر رکشہ، موٹر سائیکل لوڈر، رکشہ لوڈر کی بُکنگ و ٹرانسفر ہوجائے گی۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکلر ابھی بھی وضاحت طلب ہے کیونکہ اس سرکلر میں بھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ غیر منقولہ اثاثہ جات کی خریداری کے حوالے سے سیکشن کا اطلاق کس کس کٹیگری کی خریداری پر ہوتا ہے جبکہ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے کہ کیا مذکورہ ایکٹ یکم جولائی2018 سے پہلے خریدی گئی گاڑیوں اور نئی رجسٹریشن پر لاگو ہوگا۔

جن گاڑیوں کی انوائسز یکم جولائی2018 سے پہلے کی جاری کردہ ہیں اور نئی رجسٹریشن کے لیے وہ انوائسز اب پیش کی گئی ہیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ کیا سیکشن 227سی کا اطلاق کمرشل گاڑیوں کی پہلی بار رجسٹریشن پر ہوگا؟کیا یہ ایکٹ نیلامی سے خریدی گئی گاڑیوں پر بھی لاگو ہوگا؟

اس کے علاوہ یہ بھی واضع نہیں کیا گیا کہ کیا کسٹمز سمیت دیگر اتھارٹیز کی جانب سے نیلام کی جانے والی گاڑیوں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔