پاکستان نے افغانستان سے درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 ستمبر 2018
شاہ محمود قریشی کا بطور وزیر خارجہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے فوٹو: فائل

شاہ محمود قریشی کا بطور وزیر خارجہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے فوٹو: فائل

کابل: پاکستان نے افغانستان سے درآمدات پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کردی جب کہ افغان سرزمین پر پائیدار امن کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پرکابل پہنچے تو افغان وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد شاہ محمود قریشی صدارتی محل روانہ ہوئے جہاں ان کا استقبال افغان وزیرخارجہ نے کیا۔

وزیرخارجہ کی افغان قیادت سے ملاقاتوں کا اعلامیہ

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت افغانستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور وزیر خارجہ نے افغانستان میں پائیدار امن کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ افغان قیادت پر مشتمل امن عمل سے متعلق تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لیے اعلیٰ سطح رابطوں پر زور بھی دیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 40 ہزار ٹن گندم کے تحفے کا خط پیش کیا جب کہ پاکستانی حکومت نے افغانستان سے درآمدت پر ریگولیٹری ڈیوٹی بھی ختم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیرخارجہ کی افغان ہم منصب سے ملاقات

وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی نے  افغان ہم منصب سے ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، جنہیں مل کر ہی نمٹنا ہوگا، دونوں ملکوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی صلاحیت موجود ہے، ہمیں مثبت سمت میں کام کرنا اور تعاون کاعمل مزید بڑھانا ہوگا، افغانستان میں ورکنگ گروپ پر مزید کام کرنے اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، علما کونسل کا اجلاس ایک اچھا اقدام ہے، معاملات کے حل کے لیے دونوں اطراف کے علما کرام کی میٹنگ کرائی جا سکتی ہے۔  علماء کرام کی میٹنگ دس محرم کے بعد کسی بھی مناسب وقت میں رکھی جا سکتی ہے۔

پاکستان اورافغانستان کا امن خطے کا امن ہے،افغان وزیرخارجہ

ملاقات کے دوران افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، منصب سنبھالنے کے بعد شاہ محمود قریشی کے افغانستان سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اورافغانستان کا امن خطے کا امن ہے، دونوں ملکوں کو مل کر امن کے لئے کام کرنا ہوگا۔

 دورہ علاقائی امن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ کا اپنے پہلے دورے کے لیے کابل کا انتخاب پاکستان کی افغانستان اور علاقائی امن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، اس کامیاب دورے سے مستقبل میں امن مذاکرات اور باہمی تعلقات میں مزید پیش رفت ہوگی۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کے دورہ کابل سے قبل گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔