فیصل آباد میں پولیس تشدد کے باعث ریڑھی بان کے دونوں گردے فیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 ستمبر 2018
پولیس نے اسلم کو ڈکیتی کے شبے میں اُٹھا کر تشدد کا نشانہ بنایا، اہل خانہ (فوٹو: فائل)

پولیس نے اسلم کو ڈکیتی کے شبے میں اُٹھا کر تشدد کا نشانہ بنایا، اہل خانہ (فوٹو: فائل)

فیصل آباد میں پولیس تشدد کے باعث ریڑھی بان کے دونوں گردے فیل ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ واقعہ فیصل آباد کے تھانہ فیکٹری ایریا میں پیش آیا جہاں پولیس نے ڈکیتی کے شبے میں ایک شخص اسلم کو اٹھالیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے بعد اہل خانہ نے اسلم کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسلم کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید تشدد کے بعد پٹھے دب جانے کے باعث اسلم کے گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کے لیے اسلم کے گردوں کے ڈائیلاسز کرانے ہوں گے۔

اہل خانہ کے مطابق تشدد سے قبل اسلم کو گردوں کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، پولیس نے اسلم کو ڈکیتی کے شبے میں اُٹھا کر تشدد کا نشانہ بنایا، ہمارا مطالبہ  ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

اطلاعات ہیں کہ سی آئی اے پولیس تھانہ فیکٹری ایریا کے اہل کاروں نے محض شک کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے باعث متاثرہ شخص زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔