انٹر کے امتحانات اختتام پذیر، آخری روز بھی نقل جاری رہی

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 1 جون 2013
تعلیمی بورڈ کی ویجلینس ٹیموں نے مجموعی طور پر 1358 طلباء و طالبات پر کاپی کیس کیے، 25 ممتحن کو نااہل قرار دینے کے علاوہ  158 متبادل امیدوار بھی پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

تعلیمی بورڈ کی ویجلینس ٹیموں نے مجموعی طور پر 1358 طلباء و طالبات پر کاپی کیس کیے، 25 ممتحن کو نااہل قرار دینے کے علاوہ 158 متبادل امیدوار بھی پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد: ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت  انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اختتام پذیر ہوگئے۔

تعلیمی بورڈ کی ویجلینس ٹیموں نے مجموعی طور پر 1358 طلباء و طالبات پر کاپی کیس کیے، 25 ممتحن کو نااہل قرار دینے کے علاوہ  158 متبادل امیدوار بھی پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت9 اضلاع میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مکمل ہوگئے، تعلیمی بورڈ کی ٹیموں کے چھاپوں کے باوجود امتحانی مراکز میں امیدوار موبائل فونز، گائیڈ بُکس اور دیگر ذرائع سے نقل کرتے رہے جبکہ دفعہ 144 بھی نافذ رہی تاہم  مختلف اضلاع میں نہ صرف فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں کھلی رہیں بلکہ پیپر ائٓوٹ ہونے کے بعد باہر سے حل شدہ پرچے امتحانی مراکز بھی پہنچائے گئے، اس تمام عمل میں نقل کی روک تھام اور دفعہ 144 پر عمل درآمد کرنے والے پولیس اہلکار اور امتحانی عملہ بھی ملوث پایا گیا۔

جمعہ کو گیارہویں جماعت کا اسلامیات کا آخری پرچہ لیا گیا جس میں بھی نقل کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران تعلیمی بورڈ  کے چیئرمین عبدالعلیم خانزادہ، ناظم امتحانات وصی  آفریدی نے ویجلینس ٹیم  کے اراکین ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شاہدہ پروین ابڑو، پرویز شاہد  زماں و دیگر کے ہمراہ گورنمنٹ اپوا کالج لطیف آباد، گورنمنٹ ہالیپوٹہ ہائیر سیکنڈری اسکول، گورنمنٹ نزرتھ کالج کے امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے اور نقل کرنے پر 15 طلباء و طالبات کو کاپی کیس کر کے غفلت کے مرتکب ایک ممتحن کو غیر ذمے دار قرار دے دیا۔ تعلیمی بورڈ  کے مطابق 23 ویجلینس ٹیموں نے  مجموعی طور پر 1358 طلباء و طالبات کو  نقل کرنے پرکاپی کیس کیا اور نقل کا مواد برآمد کر لیا، 158 ایسے امیدواروں کو پکڑا جو کسی اور کی جگہ امتحاندے رہے تھے جبکہ غفلت برتنے پر 25 ممتحن کو نا اہل قرار دیتے ہوئے امتحانی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔