چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ کی تیاریوں کا پول کھل گیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 1 جون 2013
لندن: لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلش کپتان الیسٹر چوکا لگانے کے بعد گیند کو بائونڈری لائن پار کرتا دیکھ رہے ہیں، انھوں نے 30 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

لندن: لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں انگلش کپتان الیسٹر چوکا لگانے کے بعد گیند کو بائونڈری لائن پار کرتا دیکھ رہے ہیں، انھوں نے 30 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایمسٹیلوین / لندن: چیمپئنز ٹرافی کیلیے انگلش تیاریوں کا پول کھل گیا، نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے ون ڈے میں 5 وکٹ سے شکست مقدر بن گئی۔

کیویز نے 228 کا ہدف 19 بالز پہلے ہی حاصل کرلیا، تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل ہوگئی، پہلے اوور میں دو وکٹیں گرنے کے بعد مارٹن گپٹل نے انتہائی ذمہ دارانہ ناقابل شکست سنچری بنائی، روس ٹیلر نے بھی ففٹی بنائی، اس سے قبل انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 227 رنز بنائے، ٹم ساؤتھی نے تین وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق 228 رنز کے ہدف میں کیویز کا آغاز اچھا نہیں ہوا،آسٹریلیا کے سابق کرکٹر لیوک رانچی کا نیوزی لینڈ کی جانب ڈیبیو انتہائی مایوس کن رہا، وہ پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے، کیچ ان کا سوان کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا، ایک گیند بعد اینڈرسن نے کیویز کو دوسرا صدمہ پہنچایا جب کین ولیمسن بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

اس بار کیچ وکٹ کیپر جوز بٹلر نے تھاما، ابتدائی اوور میں زبردست جھٹکے سے سنبھلتے ہوئے مارٹن گپٹل نے روس ٹیلر کے تعاون سے مجموعے کو 121 تک پہنچایا، ٹیلر 54 رنز پر اینڈرسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، 168 کے ٹوٹل پر گرانٹ ایلوئٹ 27 رنز پر سوان کا شکار ہوگئے، کپتان برینڈن ٹیلر کو ڈیرن بیچ نے 5 کے انفرادی اسکور پر مورگن کا کیچ بنایا۔ دوسرے اینڈ پر گپٹل نہ صرف ڈٹے رہے بلکہ ٹارگٹ کی جانب پیشقدمی بھی جاری رکھی، وہ ایک ساتھ ہدف اور سنچری کے قریب پہنچے، 99 رنز پر وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچے جب بریسنن کی ایل بی ڈبلیو کی زودار اپیل کو امپائر علیم ڈار نے مسترد کردیا، انگلینڈ نے فوراً ریویو لیا مگر ری پلیز سے تصدیق ہوگئی کہ گیند پہلے بیٹ سے ٹکرائی تھی، اگلی گیند پر بائی کے چار رنز بنے جبکہ ایک گیند بعد گپٹل نے سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ٹیم کو بھی ہدف پر پہنچا دیا، وہ 103 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

قبل ازیں انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 227 رنز اسکور کیے، دونوں اوپنرز ٹم ساؤتھی کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، ای ین بیل نے 18 جبکہ کپتان الیسٹر کک نے 30 رنز اسکور کیے، جوناتھن ٹروٹ نے جوئے روٹ کے ساتھ مل کر اسکور کو 117 تک پہنچایا مگر یہ جوڑی سیٹ ہونے کے بعد ناتھن میک کولم کا شکار ہوگئی، روٹ 30 رنز پر بولڈ ہوئے جبکہ 37 رنز بناکر ٹروٹ نے ٹیلر کو کیچ دے دیا، ایوان مورگن (6) کو میک کلینگن نے رانچی کی مدد سے آؤٹ قابو کیا، جوز بٹلر (14) کو کین ولیمز نے زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹکنے دیا، ان کا کیچ میک کلینگن نے تھاما، کرس ووئیکس نے 36 رنز بنائے، انھیں کائیل ملز نے گپٹل کا کیچ بنایا، ٹم بریسنن نے ساؤتھی کی تیسری وکٹ بننے سے قبل 25 رنز اسکور کیے، گریم سوان (15) اننگز کی آخری گیند پر ناتھن میک کولم کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کامیاب بولر میک کلینگن تھے۔

ساؤتھی نے تین جبکہ میک کلینگن اور ناتھن میک کولم نے دودو وکٹیں لیں۔دوسری جانب ہالینڈ سے شیڈول واحد ون ڈے میںجنوبی افریقہ نے حریف پر  84 رنز سے ہاتھ صاف کرلیا، پروٹیز نے مقررہ 50 اوورزمیں 3وکٹ گنواکر 341رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، پال ڈومینی نے 150 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، فاف ڈو پلیسس 62 پر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں پلیئرز کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 152کی شراکت بنی، ان سے قبل کولن انگرام نے 106 گیندوں پر 82 رنز اسکور کیے، مدثر بخاری نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتاکیا۔ڈچ ٹیم اوپنر ایرک سوارزینسکی کے 98 کی بدولت 9وکٹ پر 257رنز بنائے، کپتان پیٹر بورن نے 48رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی۔ روبن پیٹرسن نے 67رنز کے عوض4 کھلاڑیوںکو ٹھکانے لگایا۔فرحان بہردین نے 2وکٹوں کیلیے 34رنز دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔