بھارتی کرکٹ میں بھونچال، سیکریٹری اور خازن مستعفی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 1 جون 2013
بی سی سی آئی نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس 8جون کو طلب کرلیا۔ فوٹو: فائل

بی سی سی آئی نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس 8جون کو طلب کرلیا۔ فوٹو: فائل

ممبئی: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ہونے والی پیش رفت کے بعد جمعے کو بھارتی کرکٹ میں انتظامی طور پر بھونچال آگیا۔

بورڈ کے سیکریٹری سنجے جگدل اور خازن اجے شرکے نے اپنے عہدے چھوڑ دیے، تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے سلسلے میں 8 جون کو اپنا غیرمعمولی اجلاس طلب کرلیا، بدلتی ہوئی صورتحال میں  اسپاٹ فکسنگ پر بھارتی بورڈ چیف این سری نواسن کے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے بورڈ کے خازن اور سیکریٹری نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا، بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اجے شرکے اور سنجے جگدل فوری طور پر اپنے عہدوں سے الگ ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے تسلیم کیا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے بھارتی کرکٹ کا امیج بری طرح متاثر ہوا ہے، شدید دباؤ کا شکار بورڈ چیف این سری نواسن بورڈ کی میٹنگ میں تمام ممبران کو اعتماد میں لیں گے، سری نواسن کے مستعفی ہوجانے کے سوال پر انھوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا، ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات چاہتا ہے، ہم نے کمیشن میں دو ریٹائرڈ جج صاحبان شامل کردیے ہیں تاکہ انصاف ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔