شاہ زیب قتل کیس، وکیل صفائی کی استدعا پر سماعت آج تک ملتوی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 1 جون 2013
کیس کا مطالعہ نہیں کیا،شوکت ایڈووکیٹ، مقدمہ التوا کا شکار ہورہا ہے، پبلک پراسکیوٹر فوٹو: فائل

کیس کا مطالعہ نہیں کیا،شوکت ایڈووکیٹ، مقدمہ التوا کا شکار ہورہا ہے، پبلک پراسکیوٹر فوٹو: فائل

کراچی: شاہ زیب قتل کیس میں نامزد ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین سے متعلق درخواست کی سماعت وکیل صفائی کی استدعا پر آج تک کیلیے ملتوی کردی گئی ہے۔

وکیل صفائی کی جانب سے ایک ہفتے کی مہلت عدالت نے پبلک پراسیکیوٹر کی مخالفت پر مسترد کردی تھی، تفصیلات کے مطابق جمعے کو  انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج غلام مصطفیٰ میمن کی عدالت میں شاہ رخ جتوئی کی عمر کے تعین سے متعلق  زیر سماعت درخواست کی سماعت کے موقع پر  وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور وکلالت نامہ داخل کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ انھوں نے کیس کا مطالعہ نہیں کیا، آج ہی انھیں کیس کی پیروی کرنے کی ذمے داری دی گئی ہے۔

انھوں نے دستاویزات اور کیس کا مطالعہ کرنے کیلیے ایک ہفتے کی مہلت طلب کی تھی جس پر ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر عبدالمعروف نے اس کی سخت مخالفت کی اور اپنے بیان میں عدالت کو بتایا کہ مقدمہ پہلے ہی التوا کا شکار ہوچکا ہے، مطالعے کیلیے ایک دن کافی ہوتا ہے، وکیل سرکار نے صرف ایک روز کی مہلت دینے کی استدعا کی تھی جس پر فاضل عدالت نے سماعت آج تک کیلیے ملتوی کردی اور طرفین وکلا کو اپنے دلائل دینے کیلیے پابند کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔