عامر لیاقت کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات سے روک دیا گیا

ویب ڈیسک  اتوار 16 ستمبر 2018

کراچی: تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین کو سیکیورٹی اہلکاروں نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات سے روک دیا۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، عمران خان نے سب سے پہلے مزارِ قائد پرحاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم مزار قائد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے جہاں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ تاہم این اے 245 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو سیکیورٹی اہلکاروں نے گیسٹ ہاؤس کے باہر ہی روک دیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامر لیاقت کی معافی مسترد 

صحافیوں کے سوال پر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ  مجھے گیسٹ ہاؤس میں جانے سے روکا نہیں گیا بلکہ میں وقت سے پہلے آگیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر مجھے کوئی تحفظات نہیں، اس بارے میں پارٹی قیادت ہی فیصلہ کرے گی۔ عمران خان کے دورہ کراچی میں تاخیر سے متعلق سوال پر عامر لیاقت نے جواب دیا دیر آید درست آید۔

عامر لیاقت حسین کافی دیر تک دروازے پر کھڑے انتظار کرتے رہے لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہ ملی جس پر وہ مایوسی کا شکار ہوکر واپس روانہ ہوگئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔