کراچی میں بدامنی کی لہر برقرار، ماہر تعلیم اظفر رضوی، متحدہ اور سنی تحریک کے کارکن سمیت مزید 10 ہلاک

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 1 جون 2013
ڈھاکاگروپ آف انسٹی ٹیوٹ کے بانی چیئرمین کوکریم آبادپرنشانہ بنایاگیا فوٹو: فائل

ڈھاکاگروپ آف انسٹی ٹیوٹ کے بانی چیئرمین کوکریم آبادپرنشانہ بنایاگیا فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں بدامنی کی لہربرقرارہے،فائرنگ کے واقعات کے دوران ماہرتعلیم اظفررضوی ،متحدہ قومی موومنٹ اورسنی تحریک کے کارکنوں سمیت مزید10افرادہلاک جبکہ مختلف علاقوں سے6 لاشیں بھی ملیں۔

تفصیلات کے مطابق عزیز آبادکے علاقے کریم آبادمینا بازارکے قریب نجی بینک کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار نمبر ANG-771 پرفائرنگ سے55 سالہ ماہرتعلیم پروفیسرسیداظفررضوی جاں بحق اوران کاڈرائیورعبدالغفار زخمی ہوگیاجبکہ کارمیں سوار مقتول کا نواسہ 3 سالہ سارم معجزانہ طورپربچ گیا۔مقتول فیڈرل بی ایریابلاک5 سٹی کالج کے سامنے والی گلی میں بنگلہ نمبر B/136 کے رہائشی تھے جبکہ ان کے2بیٹے اور4بیٹیاں ہیں، مقتول ڈھاکاگروپ آف انسٹی ٹیوٹ کے بانی وچیئرمین تھے۔پولیس کے مطابق واقعے کے وقت پروفیسرحسب معمول کریم آباد پر واقع اپنے ڈھاکاانسٹی ٹیوٹ سے نکل کر گھر کی طرف جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے کار کودو طرف سے گھیرے میں لے کرفائرنگ کر دی۔

آئی ایس او کے ترجمان علامہ حسن ظفرنقوی نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ طالبان دہشت گردوں کوکھلی چھوٹ دیدی گئی ہے جو کسی بھی شہری کوکسی بھی جگہ قتل کردیتے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اظفررضوی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اظفررضوی ادبی اورسماجی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ایم کیوایم کے پیغام کوبھی پھیلانے میں سرگرم تھے وہ ایم کیوایم کی فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے تھے ، ان کاقتل بڑاسانحہ ہے اورادبی وسماجی حلقوں اورشعبہ تعلیم کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ، صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن،سندھ ٹیچرفورم،آل پاکستان پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ کے خالدشاہ نے اظفررضوی کے قتل  پرافسوس کااظہارکیاہے انھوں نے کہاکہ اس بیہمانہ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان نے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصرکوگرفتارکرنے کاحکم دیاہے۔سچل کے علاقے یونیورسٹی روڈمحکمہ موسمیات جوہرکمپلیکس کے قریب کار سوارملزمان نے پٹرول پمپ پر فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ غلام حیدرجمالی کوہلاک کر دیا۔واردات سے قبل غلام حیدر پمپ کے کیشیئرکے ساتھ بینک میں نقدی جمع کرانے کے بعدواپس پمپ پرپہنچاہی تھاکہ عقب میں آنے والی سیاہ رنگ کی ٹویوٹاکرولا کارمیں سوار ملزمان نے اس پرفائرنگ کردی،مقتول کاآبائی تعلق جیکب آبادسے تھا جبکہ وہ 4 بچوں کا باپ اورصفورا کے علاقے شاہنوازشر گوٹھ کا رہائشی تھا۔مقتول ایم کیوایم مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی سچل یونٹ کاکارکن تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیاہے اور کہاہے کہ2روز کے دوران دہشت گردوں نے ایم کیوایم کے 5کارکنوں کوشہید کردیا، کارکنوں کے قتل کافوری نوٹس لیاجائے،انھوں نے  غلام حیدر جمالی کی قتل سخت مذمت کی۔سرجانی ٹاؤن تھانے حدودسیکٹر 5/E کیفے صابر پرموٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے 24 سالہ ارشد قادری ہلاک ہو گیا،مقتول کچھ عرصہ قبل تک اسی علاقے میں سیکٹر 5/D میں رہائش پزیرتھا تاہم کچھ روز قبل اپنے اہلخانہ کے ساتھ ناظم آباد گولیمارشفٹ ہو گیاتھا، مقتول روٹ نمبر 5/A کا 9 سیٹوں والارکشا سرجانی ٹاؤن سے رنچھوڑ لائن تک چلاتا تھا جبکہ وہ سنی تحریک کا کارکن تھا۔بلدیہ ٹاؤن سعید آبادچاندنی چوک24 کی مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوارملزمان کی ڈیکوریشن کی دکان پرفائرنگ سے دکان کا مالک42سالہ ملک فیاض ہلاک جبکہ 2ملازم شاہ رخ اور محمد شاہد زخمی ہو گئے۔

مقتول 4 بچوں کا باپ جبکہ 4 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھجبکہ اس کا آبائی تعلق چکوال سے تھا ، مقتول ملک فیاض کوگزشتہ کافی دنوں سے بھتہ خوروں کی طرف سے بھتے کی پرچیاں مل رہی تھیں تاہم اس نے بھتہ دینے سے انکار کر دیا تھااور رینجرز کو بھتے خوروں کے خلاف تحریری درخواست بھی دی تھی،مقتول کی اسپتال سے علاقے میں پہنچنے پرمکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔کورنگی بلال کالونی سیکٹر 8/B بنگالی پاڑہ میں عثمان نامی ملزم نے سبزی فروش 22 سالہ سعیداکبر کو چھری کے وار سے ہلاک جبکہ پھل فروش 18 سالہ یونس کو زخمی کر دیا اورفرار ہو گیا،ہلاک و زخمی ہونے والے بنگالی پاڑہ کے رہائشی ہیں۔

نارتھ ناظم آبادبلاک Q بلتی پاڑہ میں جمعرات کوغیر قانونی پانی کے کنکشن لینے پر ہونے والے 2 گروپوں کے تصادم میں زخمی ہونے والا 12 سالہ اکبر حسین نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیامقتول اسی علاقے کا رہائشی اور انٹر میڈیٹ بورڈ آفس کے قریب رینجرز پبلک اسکول میں چھٹی جماعت کا طالب علم تھا۔مقتول کی لاش علاقے میں پہنچنے پر دوبارہ فائرنگ شروع ہو گئی اور دونوں گروپ ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہو گئے ، فائرنگ کی زد میں آکر کار میں سوار 35 سالہ فضل امین عرف بھالوخان ہلاک جبکہ 20 سالہ ارشد ولد بادشاہ خان، 28 سالہ محمد اصغر ولد محمد باقر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔مقتول بلتی پاڑہ میں عصمت کلینک میں کمپائونڈرتھا اور کالعدم تنظیم کا کارکن تھاواقعے کے بعد فائرنگ شدت اختیار کر گئی مکین گھروں میں  محصور ہو گئے اسی دوران نامعلوم ملزمان نے سکینہ امام بارگاہ کے قریب کریکر پھینکا جوزور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔

ابتدائی طور پر پولیس کی نفری علاقے میں نہیں آئی تاہم فائرنگ کی شدت کے بعدرینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم کٹی پہاڑی سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔آئی ایس او کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی ہونے والا محمد اصغر دوران علاج دم توڑ گیاتاہم پولیس نے تصدیق کرنے سے انکار کر دیا۔اورنگی ٹاؤن  شاہ فیصل چوک پر نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل سوار 23 سالہ آصف اکبرکو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اورفرار ہوگئے،مقتول کا والد پھلوں کا ٹھیلا لگاتا ہے جبکہ مقتول اپنے والد کے پاس جا رہا تھا کہ فائرنگ کر نشانہ بن گیا،وہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11غوثیہ کالونی کا رہائشی اور غیر شادی شدہ تھااس کا کسی سیاسی یامذہبی جماعت سے تعلق معلوم نہیں ہوسکا۔پاپوشنگر کے علاقے سے گزرنے والی لیاری ندی سے14 سالہ نامعلوم لڑکے کی لاش جو 8 سے 10 روز پرانی ہے ،لاش مسخ ہوجانے کے باعث شناخت نہیں ہوسکی۔

منگھوپیرکے علاقے نیاناظم آبادمیانوالی کالونی کے قریب پہاڑی پربنے ہوئے گڑھے سے نامعلوم شخص کی 10 سے 12 روز پرانی  لاش ملی ،جائے وقوع سے ایک چھری ملی ہے جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔یوسف پلازہ کے علاقے فیڈرل بی ایریابلاک 16 سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش جوپراسرار طور پرہلاک ہوگیا،ہلاک ہونے والا شخص نشے کا عادی تھاجونشے کی زیادتی کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔گرومندرکے قریب سے 45 سالہ ظہوراورگارڈن چڑیاگھرگیٹ نمبرایک کے قریب سے50 سالہ نجیب کی لاشیں ملیں جوپراسرار طورپرہلاک ہوگئے۔ لیاقت آباد ڈاکخانہ اسٹاپ کے قریب   فائرنگ سے38سالہ مشتاق،سہراب گوٹھ کے علاقے نادرن بائی پاس کے قریب فائرنگ سے 40 سالہ نصیرالدین زخمی ہوگیا۔بغدادی تھانے کی حدود لیاری کھڈہ مارکیت حاجی پکچر روڈ غوثیہ موبائل مارکیٹ کے سامنے نالے سے خاتون کی  بوری بندلاش ملی،مقتولہ کو اغوا کر کے جنسی اورجسمانی تشددکا نشانہ بناکرقتل کیاگیا،مقتولہ کی لاش 5دن پرانی ہے جبکہ اس کی  شناخت نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔