اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  پير 17 ستمبر 2018
گیس کے غریب صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے، وزیر خزانہ فوٹو: فائل

گیس کے غریب صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے، وزیر خزانہ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق نظرثانی شدہ سمری پر غور کیا گیا۔ سمری میں گیس قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کرکے 10 فیصد کردیا گیا، جس سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہوگی۔ گیس کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے کیا جانا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ گیس کے غریب صارفین پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے جب کہ امیر ترین طبقے کے لئے گیس قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں وزیراعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اضافے کی منظوری دے دی تھی بعدازاں 10 ستمبر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مؤخر کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔