کراچی: بھتہ نہ دینے پر بوری بند لاشیں پھینکنے والا گروہ گرفتار، اسلحہ برآمد، پولیس

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 جون 2013
ملزمان نے مغوی ڈاکٹر کی رہائی کے عوض 6 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، پولیس فوٹو: ایکسپریس

ملزمان نے مغوی ڈاکٹر کی رہائی کے عوض 6 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، پولیس فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پولیس نے مخلتف کارروائیوں کے دوران  بھتے کے لئے لوگوں کے گھروں میں بم رکھنے اور عدم ادائیگی پر بوری بند لاشیں پھینکنے والے گروہ کے 4 ملزمان سمیت ڈاکٹرکو بھی اغوا کاروں سے بازیاب کرالیا ہے۔

ایس ایس پی اسپیشنل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان کے مطابق میں پاک کالونی میں کارروائی کے دوران  ایک ہی گروہ کے 4 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 دستی بم،2ریپیٹر اور 4 ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ، فاروق ایوان کا کہنا تھا کہ گروہ کے ارکان اغوا برائے تاوان ، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہیں، گروہ کا سرغنہ گھروں پر بھتے کے لیے دستی بم رکھا کرتا تھا جبکہ گرفتار ملزمان تاوان نہ دینے پر لوگوں کی بوری بند لاشیں پھینکتے تھے، ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب کراچی اینٹی کرائم وائلنٹ سیل نے سی پی ایل سی کے ہمراہ گلشن معمار میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی ڈاکٹر کو بازیاب کرالیا، ایس ایس پی اے وی سی سی نیاز کھوسو نے میڈیا کو بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک اغوا کار ہلاک اورایک کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 4 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گروہ شہر میں ڈاکٹرز کو اغوا کرکے تاوان طلب کرتا تھا کارروائی کے دوران بھی ایک مغوی ڈاکٹر کو بازیاب کرایا گیا جسے 4روز قبل اغوا کیا گیا تھا اور ملزمان نے اس کی رہائی کے عوض 6 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔