فراہمی آب کے منصوبے K-iv کی حتمی منظوری دیدی گئی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 16 اگست 2012
منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں شہریوں کو 26 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جائیگا،فیصلہ پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا. فوٹو فائل

منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں شہریوں کو 26 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جائیگا،فیصلہ پلاننگ کمیشن کے اجلاس میں کیا گیا. فوٹو فائل

کراچی: سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کراچی کیلیے فراہمی آب کے عظیم تر منصوبے K-IV کی حتمی منظوری دیدی ہے، یہ فیصلہ پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ندیم الحق کی صدارت میں اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ مصباح الدین فرید نے کہا کہ حکومت سندھ کے محکمہ آبپاشی نے دریائے سندھ سے یومیہ 600 کیوسک (260 ملین گیلن ) اضافی پانی کی منظوری پہلے ہی دیدی ہے، اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں شہریوں کو 26 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا جس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، واضح رہے کہ کراچی کی تاریخ میں یہ پہلا بڑا منصوبہ ہے جس کے تحت یومیہ 26 کروڑ گیلن پانی حاصل کیا جائے گا قبل ازیں جو منصوبے مکمل ہوئے ان کا حجم 10 کروڑ گیلن سے زائد نہ تھا۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے توقع ظاہر کی ہے کہ فنڈ ز کی فراہمی بر وقت ہو تی رہی تو یہ منصوبہ چار سال میں مکمل کر لیا جائے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے جہاں شہر میں قلت آب پر قابو پانے میں مدد ملے گی وہاں کراچی کی صنعت کے فروغ میں بھی یہ منصوبہ معاون ثابت ہوگا، ایم ڈی نے اس عظیم تر منصوبے کی منظوری پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، وزیر بلدیات آغا سراج درانی، حق پرست اراکین اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، رضا ہارون اور تمام حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ہے کہ جن کی ذاتی دلچسپی کی بدولت اس عظیم تر منصوبے کی منظوری ممکن ہوئی، انھوں نے کہا کہ یہ کراچی کے شہریوں کیلئے عید کا تحفہ ہے کہ انھیں اضافی کی فراہمی کی منظوری دیدی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔