حمزہ قتل کیس میں 2 کم عمر گواہوں نے بیانات قلمبند کرادیے

اسٹاف رپورٹر  اتوار 2 جون 2013
ملزم شعیب ندیم کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ 3 جون تک موخر کردیا گیا۔  فوٹو: فائل

ملزم شعیب ندیم کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ 3 جون تک موخر کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: حمزہ قتل کیس میں 2 کم عمر گواہوں نے بیانات قلمبند کرادیے ہیں، ملزم شعیب ندیم کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ 3 جون تک موخر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو مقدمے کے تفتیشی افسر نے حمزہ قتل کیس میں 2 طالب علم دانیال گباچی اور گزن داریجو کا ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 164 کے تحت بیان قلمبند کرانے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی شبیر احمد چنہ کے روبرو پیش کیا تھا جبکہ جیل حکام نے ملزم شعیب اور اس کے ڈرائیور کو عدالت میں بھیجا تھا اس موقع پر دانیال گباچی نے عدالت کو بتایا کہ وہ مرحوم اور عدالت میں موجود شعیب ندیم کا مشرکہ دوست ہے وقوع کے روز ملزم کے ہمراہ اس کی گاڑی میں آئے تھے، مقتول کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر مقتول نے شعیب کو تھپڑ مارا۔

اسی اثناء میں ملزم کے سیکیورٹی گارڈ نے چار فائر کیے اور حمزہ کو قتل کردیا تھا جبکہ ملزم گزن داریجو نے اپنے بیان میں عدالت کو بتایا کہ وقوع کے روز وہ مقتول کے ہمراہ تھا عدالت میں موجود ملزم اپنے سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ مسلح آیا تھا اس روز مقتول کی تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر مقتول نے شعیب ندیم کو تھپڑ مارا اس کے سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا تھا اور دونوں گاڑی میں سوار ہوکر فرار ہوگئے تھے ،مقتول اسپتال میں ہلاک ہوا تھا ، دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق محمود کھوسو نے ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ پیر تک موخر کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔