شراب برآمدگی کیس میں شرجیل انعام میمن شریک ملزم قرار

ویب ڈیسک  منگل 18 ستمبر 2018
ملزمان نے برآمد مال میں ردو بدل کیا اور جان بوجھ کر شہادتیں ضائع کیں، چالان فوٹو:فائل

ملزمان نے برآمد مال میں ردو بدل کیا اور جان بوجھ کر شہادتیں ضائع کیں، چالان فوٹو:فائل

کراچی: سابق صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کو شراب برآمدگی کیس میں شریک ملزم قرار دے دیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں ضیاالدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے کیس سے متعلق چالان پیش کیا۔ چالان میں انکشاف ہوا ہے کہ شرجیل میمن کے کمرے کی تلاشی کے دوران 3 بوتلیں ملی تھیں جن میں سے ایک بوتل میں 2 انچ شراب موجود تھی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں ویڈیو

چالان میں بتایا گیا ہے کہ شرجیل انعام میمن ضیاالدین اسپتال کے وی آئی پی کمرہ نمبر 4013 میں زیرِعلاج تھے، یکم اگست کو معلوم ہوا کہ کمرہ میں غیر قانونی حرکات ہورہی ہیں اور سی سی ٹی وی کے مطابق نامزد ملزمان کی مشکوک سرگرمیاں نظرآئیں۔

ملزمان شکردین، مشتاق علی اور محمد جام نے برآمد مال میں ردو بدل کا اعتراف کیا۔ ملزم شکردین نے اعتراف کیا کہ شراب کی بوتلیں میں نے ڈسٹ بن میں پھینکیں، ایک بند اور ایک کھلا ہوا سگریٹ کا پیکٹ برآمد ہوا، سی سی ٹی وی کے مطابق ملزمان نے برآمد مالِ میں ردو بدل کیا اور جان بوجھ کر شہادتیں ضائع کیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شرجیل میمن کے خون میں الکحل شامل نہیں

چالان کے مطابق مقدمے میں 15 گواہان کے نام شامل ہیں اور شرجیل انعام میمن کو گرفتار شریک ملزم قرار دیا گیا ہے ۔ چالان کے مطابق شکر دین، مشتاق علی اور محمد جام ضمانت پر ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔