آسٹریلیا بھر میں اسٹرابیریز سے سوئیاں برآمد، عوام خوفزدہ

ویب ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
سوئیاں کس نے اور کیوں ڈالیں؟ کچھ پتا نہ چلا، حکومت کا معلومات دینے والے کو 1 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان (فوٹو: دی سن)

سوئیاں کس نے اور کیوں ڈالیں؟ کچھ پتا نہ چلا، حکومت کا معلومات دینے والے کو 1 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان (فوٹو: دی سن)

 پرتھ: ایک ہفتے قبل آسٹریلیا کے چند بازاروں میں فروخت ہونے والی اسٹرابیریوں سے نوکیلی سوئیاں برآمد ہونے کا سلسلہ شروع ہوا اور اب حال یہ ہے کہ آسٹریلیا کی تمام 6 ریاستوں میں اسٹرابیریز سے نوکیلی سوئیاں برآمد ہونے سے عوام پریشان اور خوف زدہ ہیں۔

ایک ہفتے قبل کوئنزلینڈ کی اسٹرابیری میں چھپی سوئی دریافت ہوئی تھی۔ اس کے بعد جنوبی اور مغربی آسٹریلیا سمیت پورے ملک میں سوئیاں برآمد ہوئیں۔ 21 برس کے ایک نوجوان نے غلطی سے سوئی نگل لی جسے اسپتال لے جایا گیا۔

آسٹریلیا کے مجاز اداروں نے اسے زرعی اور تجارتی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ اسٹرا بیری کاٹ کر اچھی طرح تصدیق کرکے ہی کھائیں۔ دوسری جانب حکومت نے اس معاملے کی خبر اور ذمے داروں کی اطلاع دینے والے کے لیے ایک لاکھ آسٹریلوی ڈالر کا اعلان کیا ہے۔

اس ’زرعی دہشت گردی‘ کی کوئی وجہ سامنے نہیں آسکی اور نہ ہی ایسا کرنے والوں کا مقصد سامنے آیا ہے۔ اس مسئلے کی وجہ سے اسٹرا بیری کی کاشت کرنے والے کسانوں نے اسٹرا بیری کے پیکٹ مارکیٹ سے اٹھالیے ہیں اور جہاں اسٹرا بیریاں رکھی ہیں وہاں عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے دھاتی (میٹل) ڈٹیکٹرز رکھے ہیں۔

کوئنزلینڈ کے کسانوں کے مطابق شاید سوئیاں اسٹرا بیری پیک کرنے والے ایسے ملازموں نے شامل کی ہیں جو کسی بات پر ناراض ہیں۔ وجہ کچھ بھی ہو، اب لوگ اسٹرا بیری نہیں خرید رہے جس سے اسٹرا بیری کی برآمدات بھی رک گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔