آرمی چیف کی چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے ملاقات 

ویب ڈیسک  منگل 18 ستمبر 2018
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی تعاون پر وائس چیئرمین ملٹری کمیشن کا شکریہ ادا کیا ۔ فوٹو : آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی تعاون پر وائس چیئرمین ملٹری کمیشن کا شکریہ ادا کیا ۔ فوٹو : آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے ملاقات کی جس میں فوجی مشقوں اورپیشہ ورانہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل زانگ یوزیا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ ملٹری تعاون، اسلحہ، ٹیکنالوجی، فوجی مشقوں اورپیشہ ورانہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چینی جنرل زانگ یوزیا کا کہنا تھا کہ چین پاکستانی عوام اور افواج کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مزید فروغ دینا چاہتا ہے، پاک چین عسکری تعاون تعلقات کا اہم ستون ہے جب کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک چین افواج کو تعاون بڑھانا ہوگا۔

اس خبرکو بھی پڑھیں :آرمی چیف کی چینی ہم منصب سے ملاقات

چینی جنرل نے کہا کہ سی پیک کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کے لئے خوشحالی لانا ہے اور سی پیک سے دونوں ممالک کو مزید ترقی اور فوائد حاصل ہوں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی تعاون پر وائس چیئرمین ملٹری کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف اور چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کی ملاقات میں پاکستان میں چین کے سفیر بھی موجود تھے۔

واضح رہے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ 3 روزہ سرکاری دورے پر چین میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔