خیبرپختونخوا میں امن کیلیے منصوبہ بندی کی جائے،عمران

ڈرون حملے کھلم کھلا دہشت گردی ہے،پرویزخٹک اورسراج الحق سے ملاقات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

ڈرون حملے کھلم کھلا دہشت گردی ہے،پرویزخٹک اورسراج الحق سے ملاقات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور سینئر وزیر سراج الحق کو ہدایت کی کہ صوبے میں صاف ستھری اورکفایت شعار حکومت کے قیا م کو ممکن بنایا جائے۔

خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اورقیام امن کیلیے منصوبہ بندی کی جائے۔ڈرون حملے کھلم کھلا دہشتگردی ہیاس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک اور سینئر وزیر سراج الحق نے لاہور میں تحریک انصاف کے چیئرمین سے ملاقات کی اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں نے اسمبلی کے اندر اور باہر مفاہمت اور حکومت سازی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی اور ہرنکتے پرعمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ عمران خان نے اس موقع پرکہا کہ اچھی شہرت کے حامل سرکاری ملازمین کو آگے لایا جائے، عوامی مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں حلف کے بعد سب سے پہلے خیبرپختونخوا کا دور ہ کرینگے۔ دریں اثنا سینئرصوبائی وزیر سراج الحق نے منصورہ لاہور میں امیرجماعت اسلامی منور حسن سے ملاقات کی اور صوبے میں حکومت سازی کے حوالے سے آگاہ کیا، منور حسن نے حکومت سازی کے عمل پر اطمینان کا اظہارکیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ  ڈرون حملے نہ رکے تو احتجاج کرینگے۔وہ عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے  گفتگوکررہے تھے ۔پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخواکی کابینہ15 وزرا پرمشتمل ہوگی،وفاقی حکومت امن کے لیے پالیسی لائے ساتھ دیں گے۔ہم ایک مثالی حکومت بنائیں گے اور عوام کومایوس نہیں کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔