سیمنٹ و دیگر شعبوں میں خریداری، اسٹاک مارکیٹ 717 پوائنٹس بلند

بزنس رپورٹر  بدھ 19 ستمبر 2018
سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب روپے بڑھ گئی۔ فوٹو : فائل

سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب روپے بڑھ گئی۔ فوٹو : فائل

کراچی: وفاقی منی بجٹ پر منگل کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ترمیمی بجٹ پر منگل کو سرمایہ کاروں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور حصص کی بھرپور خریداری کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 41000 کی نفسیاتی حد بحال ہوگیا۔

گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغازمنفی زون میں ہوا اور قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے بجٹ کے حوالے سے مختلف اندیشوں کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص کی فروخت کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 40438 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا تاہم بعد ازاں بجٹ تقریر کے بعد سرمایہ کاروں کے تحفظات زائل ہونے لگے اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے فائلر ہونے کی شرط کے خاتمے پر پہلے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کار سرگرم ہوئے اور بعد میں توقعات کے برعکس ترقیاتی بجٹ کے اعلان پر سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے لگی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور زبردست تیزی کا رجحان بڑھ گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس کی 41000 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 41270 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں معمولی کریکشن ہوئی لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 717.60 پوائنٹس کے اضافے سے 41238.07 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 349.24 پوائنٹس اضافے سے 20143.02 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1546.55 پوائنٹس اضافے سے 70217.70 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئر انڈیکس 389.68 پوائنٹس اضافے سے 30076.54 پوائنٹس پر بند ہوا۔

گزشتہ روزمجموعی طور پر 382 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 287 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں اضافہ ہواجب کہ 68کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی اور 27 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔ بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 3 ارب 40 کروڑ 41 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 83 کھرب 42 ارب 44 کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھ کر 84 کھرب 45 ارب 84 کروڑ 51 لاکھ روپے ہوگئی۔

حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 16 کروڑ 65 لاکھ 19 ہزار شیئرز رہا جو پیر کے 14کروڑ52لاکھ شیئرکے مقابلے میں 2 کروڑ 13 لاکھ 19 ہزار شیئرز زائد ہے۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں بھی مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔ قیمتوں میںاتار چڑھائوکے لحاظ سے کولگیٹ پامولو کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 67.10 روپے اضافے سے 2425 روپے اور آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 66.87 روپے اضافے سے 1405.62 روپے پر بند ہوئی۔

نمایاں کمی ای ایف یو لائف انشورنش کے حصص میں ریکارڈکی گئی جس کے حصص کی قیمت 11.87 روپے کمی سے 225.64 روپے اور ستارہ کیمیکل کے حصص کی قیمت 9.61 روپے کمی سے 369.83 روپے پر بند ہوئی۔

گزشتہ روزلوٹے کیمیکل کی سرگرمیاں 1 کروڑ 32 لاکھ 41 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جب کہ دیگر کمپنیوں میں یونٹی فوڈز، میپل لیف، ڈیسکون آکسی چیم، ٹی آر جی پاکستان، صدیق سنز، نیمر ری سنز، فوجی فوڈز، فوجی سیمنٹ اور پاک الیکٹران کے حصص کا نمایاں کاروبار ہوا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔