سعودی عرب سے امدادی پیکیج کے حوالے سے علم نہیں، ترجمان دفترخارجہ

ویب ڈیسک  بدھ 19 ستمبر 2018

چین کے ساتھ ہرموضوع پرہمیشہ بات کرتے ہیں، دفتر خارجہ: فوٹو: فائل

چین کے ساتھ ہرموضوع پرہمیشہ بات کرتے ہیں، دفتر خارجہ: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورہ پرہیں لیکن سعودی عرب سے امدادی پیکیج کے حوالے سے علم نہیں۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ ہفتے بھی کئی کشمیریوں کوشہید کیا، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم میں شدت آئی ہے جب کہ سوشل میڈیا پرآنے والی تصویرنے انسانی حقوق کی صورتحال بیان کردی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات بارے فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم ملاقات کے لئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیرخارجہ کا  دورہ افغانستان مثبت رہا، اس دورے کی پیش رفت یہ ہے کہ پاک افغان مشترکہ میکانزم کا اجلاس اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ہوگا، جلال آباد قونصل خانہ کھولنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے، امید ہے کہ سیکیورٹی کی فراہمی کے اقدامات جلد ہوجائیں گے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کرتارپوربارڈرسے متعلق کہا کہ بارڈر کھولنے پردونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر باضابطہ رابطہ نہیں ہوا تاہم اس حوالے سے پاکستان کھلا ذہن رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں لیکن سعودی عرب سے امدادی پیکیج کے حوالے سے علم نہیں، دورے کے اختتام پر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہرموضوع پرہمیشہ بات کرتے ہیں، چینی وزیرخارجہ کے دورہ میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔