نواز شریف نے نیشنل پارٹی کے عبدالمالک بلوچ کو وزیراعلی بلوچستان نامزد کر دیا

ویب ڈیسک  اتوار 2 جون 2013
ہم نے اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف۔ فوٹو: ایکسپریس

ہم نے اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نواز شریف۔ فوٹو: ایکسپریس

مری: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے نیشنل پارٹی کے عبدالمالک بلوچ کو وزیر اعلی بلوچستان کے لیے نامزد کر دیا ہے۔

نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن)، پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی اور نیشل پارٹی کے رہنماؤں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں عوامی نمائندگی حاصل کرنے والی تمام پارٹیوں سے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ نیشنل پارٹی کے عبدالمالک بلوچ وزیر اعلی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے جب کہ صوبے کا گورنر پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی سے ہو گا۔ نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے واضح اکثریت کے باوجود ایثار سے کام لیتے ہوئے وزیراعلی کے حوالے سے فیصلہ کیا کیونکہ ہم اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں کرپشن سے پاک حکومت قائم کرکے صوبے میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کریں گے، ہم بلوچوں کے زخموں پر حقیقی مرہم رکھیں گے اورپچھلے کئی سالوں سے صوبے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے اس کی اب کسی بھی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ  اگر کسی بھی قدم سے بلوچستان آباد اور شاداب ہوتا ہے تو اس سے زیادہ خوشی کی کوئی اور بات نہیں۔

اس موقع پر پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پنجاب نے آج اعلی جمہوری رویے کا ثبوت دیا ہے کیونکہ بلوچ ہمیشہ پنجاب سے جمہوری رویہ نہ اپنانے کا شکوہ کرتے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے فیصلے سے بلوچستان میں بہتری آئے گی اور پاکستان مضبوط ہو گا، اگر پنجاب نے بلوچستان کی بہتری کے لیے ایک قدم بڑھایا ہے تو اہم ان کی جانب دو قدم بڑھائیں گے۔

نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے بھی مسلم لیگ ن کی جانب سے عبدالمالک بلوچ کو وزیر اعلی بلوچستان کے لیے نامزد کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے میں بلوچستان میں امن اور بہتری آئے گی اور ملک مضبوط ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔