یونائٹیڈ ورکرز کا اسٹیل ملز کرپشن کی انکوائری ازسرنو کرنیکا مطالبہ

بزنس رپورٹر  پير 3 جون 2013
احسان الحق، محمد یعقوب، حاجی میرعالم کی پاکستان اسٹیل محنت کشوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

احسان الحق، محمد یعقوب، حاجی میرعالم کی پاکستان اسٹیل محنت کشوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹیل یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ نے پاکستان اسٹیل کی تباہی کا ذمہ داری پیپلز ورکرز یونین (سی بی اے) اور اس کے چیئرمین کو قرار دیتے ہوئے نامعلوم وجوہات کی بنا پر روکی جانے والی نیب کی انکوائری 3(659)I&I(LAHOR,PUNJAB) کو ازسرنو شروع کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

یونائیڈ ورکرز فرنٹ آف پاکستان اسٹیل کے چیئرمین احسان الحق، سینئر وائس چیئرمین محمد یعقوب،اور صدر حاجی میرعالم، نے پاکستان اسٹیل محنت کشوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اسٹیل جو 2008تک منافع بخش ادارہ تھا اسکو پیپلز ورکرز یونین جبری سی بی اے کے چیئرمین شمشاد قریشی نے گزشتہ 4سالہ دور اقتدار میں سابقہ حکومت کی وفاقی کابینہ کی حمایت کے باعث دیوالیہ کے قریب تر پہنچا دیا آج صورت حال یہ ہے کہ ملازمین کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جاسکی جس کے باعث ملازمین اور انکے اہلخانہ فاقہ کشی کی زندگی گزار نے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان بحوالہ کیس نمبر 15/2009 میں پہلے ہی پاکستان اسٹیل میں ہونے والی میگا کرپشن کی سماعت کرچکی ہے جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق تحقیقاتی ادارے نیب اور ایف آئی اے مزید تحقیقات کررہے ہیں جس میں موجودہ سی بی اے کے خلاف بھی کیس شامل ہے۔ یونائیٹڈ ورکرز فرونٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس میں شامل افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جائے ملازمین کو تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائے سی بی اے کو دی جانے والی غیر ضروی مراعات بھی فوری طور پر واپس لی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔