ملک میں بیروزگار افراد کی تعداد ایک کروڑ70 لاکھ 4 ہزار ہوگئی

نمائندہ ایکسپریس  پير 3 جون 2013
رواں سال 0.4 فیصد اضافہ ہوا،فی کس آمدنی بھی 1335ڈالر ہوگئی،منصوبہ بندی کمیشن۔ فوٹو: فائل

رواں سال 0.4 فیصد اضافہ ہوا،فی کس آمدنی بھی 1335ڈالر ہوگئی،منصوبہ بندی کمیشن۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: منصوبہ بندی کمیشن نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے دوران ملک میں بیروزگاری کی شرح 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر ساڑھے 6فیصد ہوگئی ہے اور پاکستان میں بے روزگار لوگوں کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ70 لاکھ 4 ہزار ہوگئی ہے۔

تاہم پاکستان میں فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے یہ انکشاف وزارت خزانہ اور منصوبہ بندی کمیشن کی طرف سے تیار کردہ اقتصادی سروے میں کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی طرف سے اقتصادی سروے کے مسودے کو رواں عشرے کے دوران حتمی شکل دیدی جائے گی، جس کے بعد تیرہ جون کو اقتصادی سروے جاری کیے جانیکا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ اقتصادی سروے کے مسودے میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران ملک میں بیروزگاری کی شرح 0.4 فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر ساڑھے 6فیصد ہوگئی ہے۔

جبکہ گزشتہ سال پاکستان میں بیروزگاری کی یہ شرح 6.1 فیصد تھی اعداوشمار کے مطابق رواں سال کے دوران پاکستان میں فی کس آمدنی میں بھی 135ڈالر فی کس کے حساب سے اضافہ ہوا ہے اور پاکستان میں فی کس آمدنی کی شرح بڑھ کر 1335ڈالر فی کس ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ سال پاکستان میں فی کس آمدنی کی یہ شرح 2 ہزار ڈالر تھی سروے کے مسودے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی تا مارچ کے دوران پاکستان کے مالیاتی خسارے میں بھی 4 کھرب 20ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کا مالیاتی خسارہ 6 کھرب 80 ارب روپے سے بڑھ کر11 کھرب 10ارب روپے ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔