پاک بھارت میچ؛ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا سے رخصت لے لی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
بہتر ہے چند دنوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنا چھوڑ دوں، میچ سے قبل ثانیہ مرزا کا ٹوئٹ۔ فوٹو: فائل

بہتر ہے چند دنوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنا چھوڑ دوں، میچ سے قبل ثانیہ مرزا کا ٹوئٹ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو اکثر و بیشتر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اس پر انھوں نے روایتی حریفوں کے درمیان ایشیا کپ ٹاکرے سے قبل سوشل میڈیا سے عارضی طور پر رخصت لے لی۔

شعیب ملک سے شادی کے بعد سے بہت سے لوگ ثانیہ مرزا پر الزام لگاتے ہیں کہ وہ بھارتی نہیں ہیں جبکہ ثانیہ مرزا اپنی قومیت کا دفاع کرتی نظر آتی ہیں، اس بارثانیہ مرزا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پاک بھارت میچ کے باعث چند دنوں کے لیے سوشل میڈیا کا استعمال چھوڑ دیں گی تاکہ انھیں کسی قسم کے منفی کمنٹس کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میچ سے قبل اپنی جاری کردہ ٹوئٹ میں ثانیہ مرزا نے کہاکہ بہتر ہے چند دنوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنا چھوڑ دوں، کیوں کہ یہاں جو باتیں کی جائیں گی وہ کسی بھی شخص کو بیمار کرسکتی ہیں اور پھر میں توحاملہ بھی ہوں، انھوں نے لوگوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ یاد رکھیں کہ یہ صرف ایک کرکٹ میچ ہے اور کچھ نہیں۔

خیال رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے ہاں جلد پہلی اولاد کی پیدائش متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔