دورہ بنگلہ دیش کیلیے جویریہ ودود ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 20 ستمبر 2018
سرجری کے باعث بسمہ معروف عدم دستیاب، 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان۔ فوٹو: فائل

سرجری کے باعث بسمہ معروف عدم دستیاب، 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان۔ فوٹو: فائل

 لاہور: دورہ بنگلہ دیش اورآسٹریلیا کیخلاف سیریزکیلیے 15 رکنی قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کر دیا گیا جب کہ جویریہ ودود قیادت کریں گی۔

دورہ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کیخلاف سیریزکیلیے15 رکنی قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، جلال الدین کی سربراہی میں کام کرنے والی ویمن سلیکشن کمیٹی نے سرجری کی وجہ سے عدم دستیاب بسمعہ معروف کی جگہ جویریہ ودود کو قیادت سونپ دی ہے، دیگر کھلاڑیوں میں ناہیدہ بی بی، عائشہ ظفر، منیبہ علی صدیق، سدرہ امین، عمائمہ سہیل، ندا راشد، سدرہ نواز، ثنا میر، نشرہ سندھو، انعم امین، نتالیہ پرویز، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور ایمن انور شامل ہیں، ریزرو پلیئرز میں کائنات امتیاز، ارم جاوید، فریحہ محمود، غلام فاطمہ اور صبا نذیر کو رکھا گیا ہے۔

قومی ویمنز ٹیم یکم سے 8 اکتوبر تک بنگلہ دیش کے شہر کھلنا میں میزبان ٹیم کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلے گی۔ بعد ازاں پاکستان ٹیم اس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کیلیے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور روانہ ہو جائیگی جہاں11 سے 14 اکتوبر تک کیمپ لگایا جائے گا جس کے بعد 18 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، یہاں کھیلے جانے والے 3 ایک روزہ میچز آئی سی سی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کا حصہ اور اگلے آئی سی سی ویمنزورلڈکپ کیلیے کوالیفائنگ مرحلے کا درجہ رکھتے ہیں۔

اس سیریز کے بعد ٹیم ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلیے ملائیشیا سے ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائے گی، میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیشی ٹیموں کے ساتھ 4 اور 6 نومبر کو ورام اپ میچز بھی کھیلے گی، پاکستان کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انڈیا اور آئرلینڈ کیساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے، گروپ میچز 9 نومبر سے گیانا میں شیڈول ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔