چیمپیئنز لیگ فٹبال، میسی کی 8 ویں ہیٹ ٹرک، رونالڈو ریکارڈ سے محروم

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
لیورپول نے ہوم گرائونڈ پر سنسنی خیز مقابلے میں پیرس سینٹ جرمین کو 3-2 سے قابو کرلیا، انٹرمیلان کا ٹوٹنہم پر غلبہ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

لیورپول نے ہوم گرائونڈ پر سنسنی خیز مقابلے میں پیرس سینٹ جرمین کو 3-2 سے قابو کرلیا، انٹرمیلان کا ٹوٹنہم پر غلبہ۔ فوٹو : سوشل میڈیا

بارسلونا:  یوئیفا چیمپئنز لیگ میں بارسلونا نے ڈچ کلب پی ایس وی اینڈہون کو 4-0 سے آئوٹ کلاس کردیا، کپتان لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک کاکارنامہ انجام دیا جبکہ ایک بار ڈیمبیل نے بھی گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

یوئیفا چیمپئنز لیگ میں بارسلونا نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ڈچ کلب پی ایس وی اینڈہون کو 4-0 سے آئوٹ کلاس کردیا، کپتان لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک داغی، ان کا کہنا ہے کہ بارسلونا اس بار ٹرافی اپنے نام کرنے کا عزم رکھتا ہے، ایونٹ میں میسی نے آٹھویں بار ہیٹ ٹرک بنائی، اس سے قبل یکساں طور پر 7،7 ہیٹ ٹرک بناکر وہ رونالڈو کے ساتھ ریکارڈ میں ساجھے داری اختیار کیے ہوئے تھے لیکن اب وہ تن تنہا اس منفرد ریکارڈ کے مالک بن گئے۔

لیونل میسی نے میچ کا پہلا گول کھیل کے 31ویں منٹ میں فری کک پر بنایا، انھوں نے حریف پلیئرز کی بنی ہوئی قطار کے اوپر سے گیند کو جال میں پہنچادیا، یہ فری کک اوسمین ڈیمبیل نے حاصل کی تھی، ڈیمبیل نے 74ویں منٹ میں ٹیم کی برتری دگنی بنائی۔ اس کے تین منٹ بعد میسی نے انفرادی طور پر دوسرا گول بناکر اسکور 3-0 کردیا، فائنل وسل سے تین منٹ قبل بھی میسی حریف دفاعی حصار میں نقب لگانے میں کامیاب رہے اور انھوں نے گیند کو جال میں پہنچاکر اسکور 4-0 کردیا۔

دیگر میچزمیں جرمن کلب بورسیا ڈورٹمنڈ نے بیلجیئم کے کلب بوریج کو 1-0 سے ہرادیا، موناکو کو ہوم گرائونڈ پر ایٹلیٹکو میڈرڈ نے 2-1 سے شکست دی، فاتح ٹیم کیلیے ڈیگو کوسٹا اور جیمنیز نے ایک ایک گول بنایا، اٹلی میں میزبان کلب انٹرمیلان نے انگلش سائیڈ ٹوٹنہم کو 2-1 سے قابو کرلیا، کامیاب سائیڈ کیلیے ایکارڈی اورویسینو نے گول کیے، ناکام سائیڈ کا خسارہ ایرکسن نے کم کیا۔

لیورپول نے مہمان پی ایس جی کو دلچسپ اور سنسنی خیزمقابلے کے بعد 3-2 سے ٹھکانے لگایا، فاتح ٹیم کیلیے اسٹروج، ملنر اور فریمینو نے گیند کو جال کی راہ دکھائی جبکہ فرنچ کلب کیلیے ورلڈ کپ کے ہیرو میباپے اور میونیئر نے گول کیے۔

بلغراد میں ریڈ اسٹار بلغراد اور اطالوی کلب نپولی کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر تمام ہوگیا۔ترک کلب گلاٹاسارے نے روسی کلب لوکوموٹیو ماسکو کیخلاف 3-0 سے کامیابی سمیٹ لی، جرمن کلب شالکے04 کی ٹیم اور ایف سی پورٹو کا مقابلہ 1-1 سے ڈرا ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔