یوم عاشور کل عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا

نمائندگان ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعرات 20 ستمبر 2018

لاہور / کراچی: نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

آج نویں محرم کو شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہونگے اور پھر مجلس شب عاشور کا انعقاد کیا جائے گا، آج نویں اور کل دسویں محرم پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی جبکہ لاہور سمیت پنجاب اور کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے، موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ لاہور سمیت ملک بھر میں آج نویں محرم اور کل یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق پنجاب حکومت نے 9اور 10محرم الحرام کو ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کر دی تاہم مسلح افواج، ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار، خواتین، بزرگ شہری، بچے اور صحافی اس پابندی سے متشنیٰ ہوں گے۔ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، دادو اور خیرپور میں موبائل فون سروس بدھ کی صبح سے شام تک معطل رہی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے عاشورہ کے 3روز موبائل فون سروس بند رکھنے اور کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹری داخلہ سندھ کے مطابق موبائل سروس ماتمی جلوس کے روٹس پر صبح 10سے رات9بجے تک معطل رہے گی۔

علاوہ ازیں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی، جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہوگی اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رکھنے اور دوائوں کا متعلقہ اسٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔