ریڈ کارڈ دکھانے پر کرسٹیانو رونالڈو زار و قطار رو پڑے

ویب ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
رونالڈو کو مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی کے بال پکڑنے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ فوٹو : ٹویٹر

رونالڈو کو مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی کے بال پکڑنے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ فوٹو : ٹویٹر

بارسلونا: یوئیفا چیمپئنز لیگ کے آغاز میں ہی امپائر کی جانب سے ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر جانے کا کہنے پر کرسٹیانو رونالڈو رو پڑے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوئیفا چیمپئنز لیگ کا آغاز شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے لیے خوشگوار ثابت نہیں ہوا۔ اطالوی فٹبال کلب یووینٹیس سے اپنے ڈیبیو میچ میں پرتگالی فٹبالر کو کھیل کے پہلے ہاف میں ہی ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر کردیا گیا۔

Ronaldo 4

اسٹار فٹبالر رونالڈو اور اطالوی فٹبال کلب یووینٹیس کے کھلاڑیوں نے ریفری کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مخالف ٹیم کا دفاعی کھلاڑی خود زمین پر گرا اور زخمی ہونے کی اداکاری کر رہا تھا۔ رونالڈو نے اسے اُٹھانے کے لیے سر پر ہاتھ رکھا تھا۔

Ronaldo 6

اطالوی کھلاڑیوں کے احتجاج پر ریفری نے گراؤنڈ کے کنارے پر موجود معاون ریفری سے بھی مشاورت کی اور معروف فٹبالر کو ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر جانے کے لیے مجبور کردیا۔

Ronaldo 1

کھیل کے پہلے ہاف میں گراؤنڈ سے باہر ہونے پر سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو دل برداشتہ ہو گئے اور زار و قطار رونے لگے۔ اُن کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور چہرہ غم کی تصویر بن گیا۔ وہ کچھ دیر کے لیے سر پکڑ کر اسٹیڈیم میں ہی لیٹ گئے۔

Ronaldo 5

ریفری کے فیصلے پر کرسٹینا رونالڈو اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ اس موقع پر شائقین نے نعرے بازی بھی کی اور مداحوں نے ریفری کے متنازعہ فیصلے پر جملے بھی کسے۔

Ronaldo 3

اہم میچ کے ریفری فلیکس بریچ نے اپنے معاون ریفری سے مشاورت کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کو اس وقت سرخ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے بھیجا جب کہ معروف فٹبالر نے مخالف ٹیم ولینشیا کے دفاعی کھلاڑی جیسن موریلو کے بال پکڑ کر گیند چھیننے کی کوشش کی۔

Ronaldo 2

رونالڈو بوجھل قدموں کے ساتھ گراؤنڈ سے باہر جانے لگے تو شائقین نے ان کے حق میں نعرے لگائے اور نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔ رونالڈو گراؤنڈ سے باہر آکر بھی اپنے کوچ اور ساتھیوں سے مل کر روتے رہے۔

Ronaldo 7

تاہم پہلے ہی میچ میں باہر ہونے والے غم زدہ کرسٹیانو رونالڈو کو اُن کی ٹیم نے جیت کا تحفہ دے کر خوش کر دیا۔ رونالڈو کی ٹیم دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باجود 2 گول کرنے میں کامیاب ہو گئی جب کہ مخالف ٹیم کے ہر حملے کو ناکام بناتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔

https://twitter.com/fcjuveworld1897/status/1042507999372165120

کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کیریئر میں 11 مرتبہ ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اسٹار فٹبالر کو چیمپئن لیگ میں ریڈ کارڈ دکھایا گیا ہو۔ رونالڈو کی کلب ٹیم یووینٹیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں رونالڈو کو ریڈ کارڈ دکھانے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے اور صارفین سے پوچھا گیا ہے کہ کیا یہ ایسا فاؤل ہے جس پر ریڈ کارڈ دکھایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔