نوازشریف سے نہ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ڈھیل دی جائے گی،فواد چوہدری

ویب ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018

 اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف سے نہ  کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ڈھیل دی جائے گی۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اتنے اہم نہیں کہ سعودی عرب سے اس پر بات کریں، نوازشریف کی رہائی میں سعودیہ کا کوئی کردار نہیں ہے کیونکہ جاننے والے جانتے ہیں کہ عمران خان ڈیل کے قائل نہیں، نوازشریف کا کیس نیب کا معاملہ ہے جو ایک آزاد ادارہ ہے  حکومت اسے کنٹرول نہیں کرتی ،نیب پراسیکیوشن میں ہونے والی خامیوں کو دیکھیں گے اور نوازشریف کو واپس جیل بھجوائیں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ نوازشریف سے نہ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ڈھیل دی جائے گی، نوازشریف کو ملک سے باہر نہیں جانے دیں گے اور نہ ہی حسن اور حسین نوازکو باہررہنے دیں گے، نوازشریف کی ضمانت ضرور ہوئی ہے لیکن مقدمات ختم نہیں ہوئے جس طرح کے مقدمات نوازشریف پر ہیں ان کا جیل آنا جانا لگا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے حق میں آئیں تو نظام ٹھیک ہے اور مخالفت میں آنے پر نظام پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں، اہم بات یہ نہیں کہ نوازشریف جیل میں رہیں بلکہ لوٹی ہوئی دولت واپس لانا بھی اہم ہے۔

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ دورہ کامیاب رہا ہے، ہم نے سعودی عرب کو سی پیک میں تیسرے شراکت دار کے طور پر دعوت دی ہے، سعودی عرب اقتصادی پارٹنر ہوگا اور بڑی سرمایہ کاری اس منصوبے سے پاکستان میں آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ خادمین الحرمین  الشریفین سلمان بن عبدالعزیز کو یقین دلایا کہ سعودی عرب کی سیکورٹی میں بھرپور تعاون جاری رہے گا، ہر موقع پر پاکستان اور سعودی عرب اکٹھے کھڑے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔