ہماری حکومتیں سادگی وبچت کی مثالیں قائم کریں گی شہبازشریف

وزارتیں آسائش نہیں بلکہ آزمائش ہوں گی،نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب.


Numainda Express June 03, 2013
وزارتیں آسائش نہیں بلکہ آزمائش ہوں گی،نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب۔ فوٹو: فائل

پنجاب کے نامزد وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں دوسری صوبائی حکومتوں کے لیے سادگی اور بچت کی قابل تقلید مثالیں قائم کریں گی۔

لاہورمیں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب میں انھوں نے کہاکہ پاکستان جیسا غریب ملک حکمرانوں کی عیاشیوں اور اللوں تللوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہم نے پنجاب میں گزشتہ 5برسوں کے دوران اپنے عمل سے دکھایاہے کہ عوامی خزانے کی حفاظت کس طرح کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں سیکرٹ فنڈ کے نام پر ماضی کی حکومتوںکے برعکس ایک پائی بھی صرف نہیں کی گئی۔ وزیراعلیٰ اور ان کے رفقا بیرونی ممالک کے سرکاری دوروں کے اخراجات بھی اپنی جیب سے دیتے رہے۔



سیلاب آیا تو وزرأ نے اپنی تنخواہوں میں رضاکارانہ طورپر کمی کا اعلان بھی کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ آئندہ کابینہ بھی مختصر ہوگی اور صرف وہ افراد شامل ہوں گے جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت میں وزارتیں وزرا کے لیے آسائش نہیں بلکہ آزمائش کا باعث ہوں گی۔ وزرا کے لیے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی ماہانہ رپورٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ میں خودکو بھی اپنے رفقا اور عوامی نمائندو ںکے سامنے اپنی کارکردگی کے جائزے اور احتساب کے لیے پیش کروںگا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے عمل میں مسلم لیگ(ن) کے فیصلوں نے ثابت کردیا کہ نوازشریف کے لیے وسیع تر قومی مفادات کے سامنے جماعتی اور سیاسی ترجیحات کوئی حیثیت نہیںرکھتیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں