مجھ پر شک کیوں کیا؟ ترکی میں 85 سالہ شوہر نے 76 سالہ بیوی کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 ستمبر 2018
قاتل شخص اور اس کی اہلیہ کی تصویر (فوٹو: ترک میڈیا)

قاتل شخص اور اس کی اہلیہ کی تصویر (فوٹو: ترک میڈیا)

استنبول: ترکی میں 85 سالہ معمر غیرملکی نے سوشل میڈیا کے استعمال پر شک کرنے والی 76 سالہ بیوی کو قتل کردیا اور خودکشی کی کوشش کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بلال اور اسما گزشتہ ہفتے ہی جرمنی سے سیر و تفریح کی غرض سے ترکی کے شہر استنبول آئے تاہم وہاں یہ واقعہ پیش آگیا جس کی اطلاع ترکی میں رہائش پذیر اس جوڑے کے رشتہ داروں نے پولیس کو دی جنہوں نے جوڑے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہ ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ یہ رشتہ دار جب معمر جوڑے کے گھر پہنچے تو وہاں دونوں بزرگوں کو خود میں لت پت پایا جس پر زخمی جوڑے کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 76 سالہ اسما دل میں چاقو لگنے سے جان کی بازی ہار گئی جب کہ بلال نامی بزرگ معمولی زخمی ہونے کی وجہ سے زیر علاج ہے۔

دوران تفتیش بلال نے قبول کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو اس لیے قتل کیا کیونکہ وہ میری سوشل میڈیا کی سرگرمیوں کی وجہ سے مجھ پر شک کرتی تھی، اُسے لگتا تھا کہ میں سوشل میڈیا پر کسی غیر خاتون کے ساتھ رابطے میں ہوں۔

ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ ہمارے درمیان کئی بار سوشل میڈیا کی وجہ سے جھگڑا بھی ہوا اور ایک دن تو اسما نے مجھے گھر سے نکل جانے کا بھی کہہ دیا تھا کیوں کہ وہ مجھ پر مزید بھروسا نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن وہ ہماری آخری رات تھی جب میں نے اسے قتل کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔