یوم عاشور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 ستمبر 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ 

شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے، جن کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اورپشاور سمیت دیگر شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے ساتھ  موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر منتظمین کی جانب سے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں جب کہ جلوس کی  سیکیورٹی کے لیے رینجرز اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

جلوس کی نگرانی کے لیے پولیس کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا جس میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی گئی، اس کے علاوہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی ہوئی۔

حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد  ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ختم ہوگئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات تھے۔

یوم عاشور کے موقع پر لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے جس میں پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری کو جلوس کی گزرگاہوں پر تعینات کیا گیا جب کہ شہر بھر میں  موبائل فون سروس بھی معطل رہی۔

 بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے  ماتمی جلوس برآمد ہوئے، کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علم دار روڈ سے برآمد ہوا، جلوس کی سیکیورٹی کے پیش پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ، پشاور میں یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے ختم ہوگئے۔ اس موقع پر شہر بھر میں فون سروس بھی معطل کردی گئی۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔