امریکا نے چین کے فوجی ادارے پر پابندیاں لگادی

ویب ڈیسک  جمعـء 21 ستمبر 2018
ترکی اور روس کے درمیان بھی ایس 400 میزائل خریدنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

ترکی اور روس کے درمیان بھی ایس 400 میزائل خریدنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

 واشنگٹن: امریکا نے چین کے ایک فوجی ادارے پر پابندیاں لگادی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے چین کے فوجی ادارے پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے روس سے ہتھیار خریدے ہیں اور چین کا یہ اقدام روس پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی کی زد میں آنے والے چینی فوجی ادارے نے روس سے ایس یو پچیس فائٹر جیٹ اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس چار سو میزائل خریدے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق پابندیوں کا اصل ہدف روس ہے نہ کہ چین اور اس کی فوج، اس کے علاوہ امریکا نے تمام ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ روس کے دفاعی اور انٹیلیجنز شعبوں سے اپنے تعلقات کو کم کریں، کیوں کہ یہ دونوں شعبے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

امریکا کا کہنا ہے کہ روس سے ہتھیار خریدنے کی صورت میں کسی دوسرے ملک کے خلاف بھی اس طرح کے اقدامات کیے جاسکتے ہیں تاہم ترکی اور روس کے درمیان بھی ایس 400 میزائل خریدنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کی ترجمان نے امریکی پابندیوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کیاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔