کراچی میں آئندہ 5 روز شدید گرمی کی پیش گوئی

ویب ڈیسک  جمعـء 21 ستمبر 2018
 گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے، محکمہ موسمیات: فوٹو: فائل

گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے، محکمہ موسمیات: فوٹو: فائل

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ 5 روز شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ 5  روز تک درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کردی ہے اور کہا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے شہر میں 5 روزہ گرمی کی لہر آئے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں چلنے والی ہوائیں جنوب مغرب کی بجائے شمال کی جانب سے چلیں، ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے کے باعث درجہ حرارت بڑھا اور شہر کا موجودہ درجہ حرارت  34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، موجودہ درجہ حرارت گزشتہ کئی روز کے مقابلے میں 3 سے 4 ڈگری زیادہ ہے اور اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ سے پاکستانی ساحلوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم ہواؤں کی سمت مسلسل تبدیل ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور گرمی کی لہر کے دوران درجہ حرارت 38 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔