دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  جمعـء 21 ستمبر 2018

 اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات  بیرسٹرفواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دنیا نے دیکھ  لیا کہ پاکستان آج امن کی طرف کھڑا ہے اور بھارت امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

بھارت کی جانب سے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت نے ملاقات کی ہامی بھری تھی اور اب اپنی ہی بات سے مکر گیا جس سے لگتا ہے کہ بھارت اپنی اندرونی سیاست میں پھنس گیا ہے، وہاں شدت پسند گروہ حاوی ہورہا ہے جب کہ بھارتی حکومت بھی اسی گروہ کے زیرِاثرہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات طے کرکے مُکرگیا

فواد چوہدری نے کہا کہ  پاکستا ن مذاکرات کے لئے تیار ہے اور بھارت پیچھے ہٹ گیا جس سے بھارت کی کمزوری کھل کر سامنے آگئی، بھارت کے اقدام سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر ہوئی، ہم امن کے خواہاں اورلوگوں کو غربت سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دنیا نے دیکھ  لیا کہ پاکستان آج امن کی طرف کھڑا ہے اور بھارت امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان کو خطے میں امن اوربھارت کو سیاست کی فکرہے

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر گفتگو نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے، بھارت کے ساتھ  تعلقات میں بہتری خطے میں امن کے لئے اہم ہے، امن کے لئے ایک موقع تھا جس کو بھارت نے ضائع کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔