دنیائے کرکٹ کے عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم 47 سال کے ہو گئے

ویب ڈیسک  پير 3 جون 2013
 وسیم اکرم  آج بھی میزبان اور کمنٹیٹر کے کردار میں اپنے مداحوں کےدرمیان رہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

وسیم اکرم آج بھی میزبان اور کمنٹیٹر کے کردار میں اپنے مداحوں کےدرمیان رہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورعظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم آج اپنی 47ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

طوفانی بولنگ اور سوئنگ یارکز سے شہرت پانے والےوسیم اکرم 3 جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے،انہوں نے کرکٹ کا آغازاسلامیہ کالج لاہور سے کیا اور اوپننگ بالر اور ہارڈہٹربیٹسمین کی حیثیت سےدھوم مچادی، وسیم اکرم نے 18سال کی عمر میں راولپنڈی میں پہلی بار فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی جب کہ 23 نومبر 1984 کو نیوزی لینڈ کےخلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشل کھیلا، 1992 میں پاكستان كو ورلڈ كپ جتوانے ميں  وسيم اكرم نے اہم كردار ادا كيا جب کہ انگلينڈ كے خلاف فائنل ميں مين آف دي ميچ قرارپائے۔

ڈریم کرکٹر کا خطاب پانے والے فاسٹ بولرنے 104 ٹیسٹ میچوں اور 356 اوڈی آئیز میں پاکستان کی نمائندگی کی،سوئنگ کے سلطان کو ون ڈے کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے پہلے بولرکا اعزاز بھی حاصل ہے جب کہ ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں وسیم ابھی تک دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، وسیم اکرم کو جہاں بہت سی کامیابیاں ملی وہیں ان کے حصے کچھ مایوسی کے لمحات بھی آئے، انہیں 30 سال کی عمر میں ذیا بیطیس جیسے مرض نے گھیر لیا اور 25 اکتوبر 2009 کو ان کی اہلیہ ہما بھی انتقال کرگئیں۔

دنیائے کرکٹ کے عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم 17 سالہ تیمور اور 13 سالہ اکبر کے والد ہیں، وسیم اکرم  آج بھی میزبان اور کمنٹیٹر کے کردار میں اپنے مداحوں کےدرمیان رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔