بھارت نے ملاقات منسوخ کرکے امن کا ایک اورموقع ضائع کردیا، دفترخارجہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 ستمبر 2018
وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افسوسناک ہے،ترجمان دفترخارجہ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افسوسناک ہے،ترجمان دفترخارجہ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کر کےامن کا ایک اور موقع ضائع کردیا۔

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنے پرمایوسی ہوئی، بھارت نے ملاقات منسوخ کر کے امن کا ایک اور موقع ضائع کردیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دوطرفہ ملاقات کی تصدیق کر کےاعلان بھی کیا جب کہ  ملاقات کی تصدیق کے 24 گھنٹوں میں منسوخی کا جواز ناقابل فہم ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بی ایس ایف کے اہلکار کی مبینہ ہلاکت ملاقات کے بھارتی اعلان سے 2 روز قبل ہوئی، پاکستان رینجرز نے اہلکارکی ہلاکت سے متعلق بی ایس ایف کو پاکستان کی لاتعلقی سے آگاہ کردیا تھا اور پاکستان رینجرزنے سپاہی کی لاش تلاش کرنے میں مدد بھی کی جب کہ بھارتی میڈیا نے بھی سپاہی کی ہلاکت سے متعلق پاکستان کی لاتعلقی کی رپورٹ کی۔

یہ بھی پڑھیں :بھارت کی ہٹ دھرمی؛ ملاقات طے کرکے مُکرگیا

ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام تمام حقائق سے آگاہ تھے، پاکستان کی وضاحت کے باوجود بھارت نے جھوٹا پروپیگنڈا جاری رکھا تاہم پاکستان بھارتی الزامات ایک بار پھر مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور پاکستان حقائق جاننے کے لیے مشترکہ تحقیقات کے لیے تیار ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت الزامات سے کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا، بھارت نے جن ٹکٹوں کا ذکر کیا وہ 25 جولائی الیکشن سے قبل جاری ہوئیں، برہان وانی کی ڈاک ٹکٹس 25 جولائی انتخابات سے پہلے چھپی تھیں، ڈاک ٹکٹس میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دکھایا گیا، ٹکٹس مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرتی ہیں اور دہشت گردی کا الزام لگا کر بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنے جرائم نہیں چھپا سکتا۔

ڈاکٹرمحمد فیصل نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افسوسناک ہے، بھارتی بیان مہذب روایات اور سفارتی آداب کے منافی ہے، بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند ہیں، پاکستان مستقبل میں امن کے لیے کوشاں رہے گا، پاکستان اس سے بڑھ کر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔