بھارتی آرمی چیف بھارتیہ جنتا پارٹی کے آلہ کار نہ بنیں، فوادچوہدری

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 ستمبر 2018
دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون امن اور کون جنگ چاہتاہے، وزیراطلاعات

دنیا دیکھ رہی ہے کہ کون امن اور کون جنگ چاہتاہے، وزیراطلاعات

 اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کو سیاسی آلہ کار کے طور پر بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔

بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان کو دی گئی دھمکیوں پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا  کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان مخالف بیان کسی طور مناسب نہیں  ، بھارتی آرمی چیف کو سمجھنا چاہیے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ نہیں اور انہیں سیاسی آلہ کار کے طور پر بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں اوراس تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ نہیں ہوسکتی، دونوں ممالک میں مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان امن کروڑوں عوام کے مفاد میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو جواب دینے کا وقت آگیا، بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے امن کے لیے پہلے ہاتھ آگے بڑھایا اور ہم اب  بھی امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گےجب کہ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن اور کون جنگ چاہتاہے۔

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان کو گیڈر بھبکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے اور اب پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔