گومل زام ڈیم پر کام کرنیوالے 3 غیر ملکی انجینئرز سمیت 8 اہلکار اغواء

نمائندگان ایکسپریس  جمعرات 16 اگست 2012
کرم ایجنسی میںدھماکے ،ایک اہلکارشہید، 5زخمی،مہمندحملے میں ایک نوجوان جاںبحق،5 اہلکارزخمی،پشاورسے 6 بوری بندلاشیں برآمد

کرم ایجنسی میںدھماکے ،ایک اہلکارشہید، 5زخمی،مہمندحملے میں ایک نوجوان جاںبحق،5 اہلکارزخمی،پشاورسے 6 بوری بندلاشیں برآمد

ڈیرہ / پارا چنار / پشاور: گومل زام ڈیم پر کام کرنے والے 3 غیرملکی انجینئرز سمیت 8 اہلکاروں کواغوا کرلیا گیا، اطلاعات کے مطابق انجینئرز اور اہلکار 2 پک اپ گاڑیوں میں ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل خان آرہے تھے کہ کوٹ مرتضیٰ میں تاک میں بیٹھے افراد نے ان کو اغوا کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا، مغوی اہلکاروں میں ایس ڈی او، سب انجینئر، سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیوربھی شامل ہیں۔

سرکاری ذرائع نے غیرملکی انجینئرزکے شامل ہونے کی تصدیق نہیں کی ،اس حوالے سے گومل زام ڈیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹرکریم خان سے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا، تحریک طالبان سمیت کسی بھی تنظیم یا شخص نے مذکورہ واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی،اہلکاروں کے اغوا کے بعد ڈیم پر کام روک دیا گیاہے۔ ادھرکرم ایجنسی میںبارودی سرنگ کے 2 دھماکوںمیں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے لوئر کرم کے علاقے بگن میں شدت پسندوںکے ایک خالی مورچے کو دھماکاخیز مواد سے اڑا دیا گیا ۔

مہمند ایجنسی کی تحصیل حلیمزئی لیوی فورس کی پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 5 اہلکار زخمی جبکہ بھرتی کیلئے آیا ہوا نوجوان جاں بحق ہوگیا، سیکیورٹی فورسز اورامن کمیٹی نے اجتماعی ذمے داری کے تحت 110 افراد گرفتار کرلیے، اورکزئی ایجنسی میں سرچ آپریشن میں 10 شدت پسند گرفتار کرلیے گئے جبکہ 42 راکٹ لانچر، بارودی سرنگیں اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا،صوابی کے گائوں مرغز میں شرپسندوں نے ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے سے تربیلا ڈیم سے بجلی کی سپلائی بند ہوگئی، تخت بھائی کے علاقہ گڈبانو میں شدت پسندوں نے پرائمری اسکول کو دھماکے سے اڑادیا،شبقدرمیں نجی اسکول کے قریب دھماکے میں عمارت کو جزوی نقصان ہوا ۔ ادھر پشاور کے نواحی علاقوں سربند، متھرا اور چمکنی سے 6 بوری بند لاشیں ملی ہیں ، سربند سے ملنے والی دونوں لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ باقی 4 کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، باڑہ شیخان میں خیبر ایجنسی سے 2 مارٹر فائر کیے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، وانا میں طالبان کی ایک گھر سے شمسی توانائی کی پلیٹیں چوری کرنیکی کوشش ناکام بنادی گئی، مقامی لوگوں نے 3 طالبان کو پکڑ لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔