سیکیورٹی خدشات : بلاول ہاؤس کے اطراف سڑکیں بند ہونے سے مکین پریشان

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 جون 2013
کلفٹن کوٹھاری پریڈ سے بلاول ہاؤس جانے والے  راستے کوکنٹینر اور بسیں کھڑی کرکے ٹریفک کے لیے بند کیا ہوا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کلفٹن کوٹھاری پریڈ سے بلاول ہاؤس جانے والے راستے کوکنٹینر اور بسیں کھڑی کرکے ٹریفک کے لیے بند کیا ہوا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلاول ہاؤس کے اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کیے جانے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں واقع بلاول ہاؤس اور اس کے اطراف کی سڑکیں سیکیورٹی خدشات اور وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے 3 روز سے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کی ہوئی ہیں،پولیس نے حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے بلاول ہاؤس جانے والے تمام راستوںکو کنکریٹ کے بلاکس اور ٹرک کھڑے کرکے ہر قسم کی آمدورفت کیلیے بند کردیا جس کی وجہ سے مکینوں کو مشکلات اوردقت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز سے بلاول ہاؤس اور اطراف کے علاقوں میںجانے والی سڑکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے اسکول وینز گھروں تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں جس کے باعث نہ صرف اسکول جانے والے طلبہ و طالبات اور اہلخانہ کو بھی شدید دقت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ان حفاظتی اقدامات کا خمیازہ بچوں کو اسکول کی چھٹی یا دیر سے جانے کی صورت میں برداشت کرنا پڑرہا ہے، اپنے طور پر اگر بچوں کو اسکول چھوڑ بھی آئیں تو ان کی واپسی بھی ایک مسئلہ بن جاتی ہے۔

، بلاول ہاؤس کی سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس کی جانب سے اپنائے جانے والے حفاظتی اقدامات سے جہاں نہ صرف اسکول کے بچے متاثر ہو رہے ہیں وہیں پر ملازمت پر جانے والے افراد کو اپنے دفاتر جانے کے لیے بھی انتہائی دقت اور دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،دوسری جانب علاقے میں پانی کی قلت کی وجہ سے واٹر ٹینکرز کو بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر علاقے میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔