تنظیم نو و اصلاحات؛ ایف بی آر میں اکنامک انٹیلی جنس یونٹ قائم کرنے پر غور

ارشاد انصاری  اتوار 23 ستمبر 2018
گریڈ21کاافسرڈی جی،ابتدائی طورپرکراچی،لاہور،اسلام آباد میں دفاترقائم،ہردفترمیں2،2 ڈائریکٹر تعینات۔ فوٹو : فائل

گریڈ21کاافسرڈی جی،ابتدائی طورپرکراچی،لاہور،اسلام آباد میں دفاترقائم،ہردفترمیں2،2 ڈائریکٹر تعینات۔ فوٹو : فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایف بی آر کی ری اسٹرکچرنگ و اصلاحات کے تحت ٹیکس چوری روکنے اور لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل اکنامک انٹیلی جننس یونٹ (ای آئی یو) قائم کرنے کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تجویز دی گئی ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل خصوصی اقدامات و براڈننگ آف ٹیکس بیس (بی ٹی بی)کو اکنامک انٹیلی جننس یونٹ میں تبدیل کردیا جائے اور ڈائریکٹوریٹ جنرل خصوصی اقدامات کو اکنامک انٹیلی جننس یونٹ کے طور پر آپریشنل کیا جائے اور یہ ایک اسپیشل انٹیلی جننس یونٹ ہوگا جو براہ راست چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کو رپورٹ کرے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے مالی و اقتصادی پالیسیوں کے تحت کیے جانے والے اقدامات کے باعث ٹیکس کی دنیا میں تیزی سے تبدیلیاں آرہی ہیں اور آبادی میں اضافہ، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، سروسز سیکٹر میں وسعت اور مختلف شعبوں کا آپس میں منسلک ہونا ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے نئے اقدامات کا تقاضہ کرتے ہیں جس کیلیے ضروری ہے کہ اکنامک انٹیلی جننس یونٹ قائم کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے جو تجویز زیر غور ہے اس کے اکنامک انٹیلی جننس یونٹ کا سربراہ گریڈ 21 کا ڈائریکٹر جنرل ہوگا اور ابتدائی طور پر پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں اس کے دفاتر قائم کیے جائیں گے اور ان صوبوں میں قائم کیے جانے والے دفاتر میں دو دو ڈائریکٹرز، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ چار ریسرچ آفیسرز، اسٹیٹسٹیکل آفیسرز، چار انسپکٹرز، چار اسٹینوز، ایک ایم آئی ایس اور ڈی بی اے دو کمپیوٹر اسٹنٹس کے علاوہ دیگر متعلقہ اسٹاف تعینات کیا اور اس اکنامک انٹیلی جننس یونٹ میں بیرون ملک کے اعلی تعلیم یافتہ اور کوالیفائی افسران کو تعینات کیا جائے گا اور ایسے فارن کوالیفائی افسران تعینات کیے جائیں جنہوں نے بیرون ممالک کے اعلی تعلیمی اداروں سے اکنامک، بینکنگ، فنانس، لا، پبلک اور ٹیکس افیئرز پالیسی میں ماسٹر کررکھا ہو جبکہ ابتدائی طور پر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اکنامک انٹیلی جننس یونٹس کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔

اس کے بعد ان اکنامک انٹیلی جننس یونٹس کے دفاتر کا دائرہ کار ملک کے دیگر صوبائی درالخلافوں تک اور پھر تمام بڑے اور اہم شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔