بھارت؛ پوزیشن ہولڈر طالبہ سے زیادتی میں ملوث فوجی سمیت 2 ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 23 ستمبر 2018
ایک مرکزی ملزم نشو کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

ایک مرکزی ملزم نشو کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

ہریانہ: بھارت میں پوزیشن ہولڈر طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے فوجی اہلکار اور ایک شریک ملزم کو 11 روز بعد حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کی پولیس طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے سفاک ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ حراست میں لیے گئے ملزمان میں فوجی اہلکار پنکج اور شریک ملزم منیش شامل ہے۔

قبل ازیں اجتماعی زیادتی کے مرکزی ملزم نشو کو 16 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ گرفتاریاں ٹیوب ویل کے مالک کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی ہیں جسے سب سے پہلے واقعے کے اگلے روز گرفتار کیا گیا تھا۔

اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی ’اسپیشل انویسٹی گیشن کمیٹی‘ نے میڈیا کو بتایا کہ مفرور ملزمان کو ہفتے اور اتوار کی شب سٹنالی کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے اور ایک ریسٹ ہاؤس میں ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت میں پوزیشن ہولڈر طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

واضح رہے کہ ملزمان 11 ستمبر کو 19 سالہ پوزیشن ہولڈر طالبہ کو ٹیوشن جاتے ہوئے بہلا پھسلا کر اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔ پھر اسے ایک ٹیوب ویل سے متصل کمرے میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ طالبہ کو نیم بے ہوشی کی حالت میں بس اسٹینڈ پر پھینک دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔