شمالی وزیرستان میں شہید پاک فوج کے جوانوں کی نمازِجنازہ ادا

ویب ڈیسک  اتوار 23 ستمبر 2018
شہدا کی نمازجنازہ میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی شرکت کی، آئی ایس پی آر :فوٹو:آئی ایس پی آر

شہدا کی نمازجنازہ میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی شرکت کی، آئی ایس پی آر :فوٹو:آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: شمالی وزیرستان آپریشن میں شہید ہونے والے فوجیوں کی نمازِجنازہ راولپنڈی گیریژن میں ادا کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز  شمالی وزیرستان کے علاقوں گرلامی اور سپیرا کنٹر میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے 7 جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی میتیں آبائی علاقوں میں بھجوا دی گئیں جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 7 جوان شہید

ترجمان پاک کے مطابق شہید کیپٹن جنید غیر شادی شدہ اور مری کے رہائشی تھے۔  شہید حوالدارعبدالرزاق کا تعلق استور سے تھا۔ انہوں نے اہلیہ اور 5 بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔ شہید حوالدار امیر کا تعلق گلگت سے تھا۔ انہوں نے بیوی، 2 بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی۔

شہید حوالدار نصیر کا تعلق چلاس سے تھا۔ انہوں نے بیوی اور والدہ کو سوگوار چھوڑا۔ شہید حوالدار آصف کا تعلق خانیوال سے تھا۔ انہوں نے سوگواران میں  بیوہ، 7 بہنیں، ایک بھائی اور والدین کو چھوڑا۔ شہید سپاہی سمیع اللہ کا تعلق ہنزہ سے تھا اور وہ غیر شادی شدہ تھے، جب کہ شہید سپاہی انوار بھی غیر شادی تھے اور ان کا تعلق غذر سے تھا۔

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔