نواز شریف قوم کا پیسہ واپس کر دیں تو لڑائی ختم ہوجائے گی، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  اتوار 23 ستمبر 2018

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات بیرسٹرفواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف قوم کا پیسہ واپس کر دیں تو لڑائی ختم ہو جائے گی۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ بلدیاتی نظام آرٹیکل 140 اے کے خلاف ہے، یہ نظام آئین کی بنیادی شرط کو پورا نہیں کرتا، اس کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اب بلدیاتی نظام سادہ اور براہ راست ہوگا، ڈسٹرکٹ میئر اور تحصیل میئر کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے،  پنجاب اور کے پی کے کی حکومتوں نے 48 گھنٹے مانگے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم کا 48 گھنٹوں میں نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دینے کا حکم

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور میں اربوں روپے خرچ کیے  لیکن ایک بارش ہی سب کچھ بے نقاب کر دیتی ہے، 8  ارب صرف میٹرو بسوں کو چلانے کے لیے حکومت پنجاب کو دینے پڑتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت (ن) لیگ سے مختلف ہو، وزیراعظم کی جانب سے وزراء کو ٹارگٹ دئیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف قوم کا پیسہ واپس کر دیں تو لڑائی ختم ہو جائے گی جب کہ ان کا کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آ رہا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، پاکستان نے بھارت کو امن کی پیشکش کی لیکن بھارت میں یہ سوچ ہے کہ پاکستان کو کمزور کر کے آگے نکل جائیں گے تو ایسا ممکن نہیں، مودی اندرونی اسکینڈلز میں پھنسے ہوئے ہیں اور وہ اپنے اسکینڈلز سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔