کراچی میں 200 نئی بسیں چلانے کیلیے 10ارب روپے مختص ہونگے

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 جون 2013
ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کیلیے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں 10رکنی کمیٹی قائم. فوٹو فائل

ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کیلیے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں 10رکنی کمیٹی قائم. فوٹو فائل

کراچی:  حکومت سندھ نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنانے کیلیے فوری طور پر200 بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جس کیلیے نئے مالی سال کے بجٹ میں10ارب روپے مختص کیے جائیں گے، محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذرائع نے بتایاکہ سندھ کابینہ کے فیصلے کے بعد سیکریٹری ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں 10رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔اس کمیٹی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران اورماہرین شامل ہوں گے، یہ کمیٹی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں اصلاحات اور نئی بسوں کی خریداری کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے گی، ذرائع نے بتایا کہ200 نئی بسیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت خریدی جائیں گی اور اس سال اگست میں چلنا شروع ہوجائیں گی۔

ذرائع نے مزیدبتایاکہ حکومت سندھ اندرون سندھ کے حیدر آباد ، سکھر،میرپور خاص ، لاڑکانہ ،گھوٹکی ، تھرپارکر ، ٹنڈومحمد خان ،خیرپور سمیت دیگر اضلاع میں آئندہ2سال میں 500بڑی بسیں چلائی گی اور ان بسوں کی خریداری کے حوالے سے بھی محکمہ ٹرانسپورٹ سفارشات مرتب کررہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ان بسوں کوایک خودکاراتھارٹی کے ماتحت چلایا جائے گا ۔ حکومت سندھ پہلے مرحلے میں100بسیں خریدے گی اوراس پروگرام کے تحت بسوں کی خریداری کا عمل ایک برس میں مکمل کرلیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔