مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، ملک بھر میں قومی صفائی مہم شروع کرنے پر اتفاق

ویب ڈیسک  پير 24 ستمبر 2018
وفاقی حکومت اہم ملکی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور انہیں مزید خود مختار بنایا جائے گا ۔ فوٹو:  پی آئی ڈی

وفاقی حکومت اہم ملکی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور انہیں مزید خود مختار بنایا جائے گا ۔ فوٹو: پی آئی ڈی

 اسلام آباد: مشترکہ مفادات کونسل نے ملک بھر میں قومی صفائی مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ عام آدمی کی زندگی تبدیل کرنا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت اہم ملکی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور انہیں مزید خود مختار بنایا جائےگا۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، جس میں  قومی صفائی مہم ، سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹر کی درآمد، ایل این جی کی درآمد، پیٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی 2012ء، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ای او بی آئی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزرائے اعلیٰ نے وزیر اعظم کو مختلف تجاویز اور مسائل سے آگاہ کیا جب کہ وزیراعظم نے صوبائی قیادت کو اہم ملکی معاملات پر ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم نے وسائل کی شفاف اور نچلی سطح تک منتقلی کی یقین دہانی کرادی

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو یقین دہانی کرائی کہ ہم اٹھارویں ترمیم سے بھی آگے جانا اور صوبوں کو مزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں، وسائل کی شفاف تقسیم اور نچلی سطح تک منتقلی کا عمل ہر صورت یقینی بنائیں گے، وفاق تمام اہم قومی معاملات پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گا، وفاقی و صوبائی حکومتوں میں مضبوط رابطوں سے ملک ترقی کرے گا۔

کراچی کو 1200 کیوسک اضافی پانی دینے پر تجاویز طلب

اجلاس میں کراچی کو 1200 کیوسک اضافی پانی دینے کے معاملے پر صوبائی حکومت اور وزارت آبی وسائل سے تجاویز طلب کی گئیں۔

ایل این جی درآمد کے تمام معاہدے سامنے لانے کا فیصلہ

بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں، صوبائی ضروریات اور وسائل کا معاملہ بھی زیر غورآیا، ایل این جی کی درآمد، خریداری اور قیمت پر وفاق اور سندھ کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔ گزشتہ دور میں ایل این جی درآمد کے تمام معاہدے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پٹرولیم پالیسی 2012ء کی ترمیم پر صوبوں کی آراء لی جائیں گی۔

ملک بھر میں قومی صفائی مہم شروع کرنے پر اتفاق

اجلاس کے دوران ملک بھر میں قومی صفائی مہم شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صفائی کا کوئی نظام نہیں، وہ عام آدمی کی زندگی تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

وفاق اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز کیلیے یکساں قوانین بنانے کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاق اور صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے لیے یکساں قوانین بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ مشترکہ مفادات کونسل نے صوبوں میں فورڈ اتھارٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور قدرتی وسائل کے استعمال پر مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ صوبوں نے صفائی مہم کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صحت مند خوراک کی فراہمی ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔