بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی سفارت کار پرتشدد کے واقعے پر احتجاج

سفارت کار پرتشدد ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے،مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں، دفتر خارجہ


ویب ڈیسک June 04, 2013
بھارتی سیکریٹری خارجہ نے بھی پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی کو فون کرکے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو: فائل

بھارت میں پاکستانی سفارت کار پر تشدد کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے پاکستان کے فرسٹ سیکریٹری تجارت ضرغام رضا پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے، دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارت کار پر تشدد ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے اوربھارت مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔

دوسری جانب بھارتی سیکریٹری خارجہ نے سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کو ٹیلی فون کرکےواقعے پر افسوس کا اظہار کیا، بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ معاملے کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ ضرغام رضا اور ان کے ڈرائیور کو گزشتہ روز نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے اپنی رہائش گاہ جاتے ہوئے بھارتی غنڈوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں