فوزیہ قصوری کے لئے اپنی قومی اسمبلی کی سیٹ چھوڑنے کو تیار ہوں، عائشہ گلالئی

ویب ڈیسک  منگل 4 جون 2013
فوزیہ قصوری سے گزارش کرتی ہوں کہ تحریک انصاف کو نہ چھوڑیں اور اگر انہیں لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو وہ اس کے خلاف لڑیں، عائشہ گلالئی فوٹو: فائل

فوزیہ قصوری سے گزارش کرتی ہوں کہ تحریک انصاف کو نہ چھوڑیں اور اگر انہیں لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو وہ اس کے خلاف لڑیں، عائشہ گلالئی فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور کم عمر ترین رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی وزیر نے کہا ہے کہ اگر فوزیہ قصوری تحریک انصاف سے وفاداری کا عہد کرتی ہیں تو وہ ان کے لئے اپنی سیٹ چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹویٹر‘‘ پر اپنے پیغام میں عائشہ گلالئی وزیر نے کہا کہ فوزیہ قصوری کی پارٹی سے ناراضگی پر انہوں نے ان سے رابطہ کرنے کی کئی بار کوشش کی تاہم وہ ان سے رابطہ کرنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی کہ فوزیہ قصوری مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں یا نہیں تاہم یہ یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ وہ تحریک انصاف کو چھوڑ چکی ہیں۔

عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ وہ فوزیہ قصوری سے گزارش کرتی ہیں کہ وہ تحریک انصاف کو نہ چھوڑیں اور اگر انہیں لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے تو وہ اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت بتائے گا کہ خیبرپختونخوا کی عوام  نے تحریک انصاف کو ووٹ دے کر کوئی غلطی نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی فاٹا سے تعلق رکھنے والی وہ پہلی باہمت خاتون رکن قومی اسمبلی ہے جنہوں نے تمام تر خطرات کے باوجود انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔